ابوظہبی میں پاکستانی ڈاکٹر محمد فرحان کے زیرِ اہتمام آموں کا شاندار میلہ

منگل 24 جون 2025 21:06

ابوظہبی میں پاکستانی ڈاکٹر محمد فرحان کے زیرِ اہتمام آموں کا شاندار ..
ابوظہبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جون 2025ء)ابوظہبی میں مقیم معروف پاکستانی ڈاکٹر، ڈاکٹر محمد فرحان جو کہ شیخ خلیفہ اسپتال میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کے ایگزیکٹو ممبر بھی ہیں، 29 جون بروز اتوار لی رویال میریڈین ہوٹل ابوظہبی میں آموں کا میلہ منعقد کر رہے ہیں۔ یہ غیر تجارتی (نان کمرشل) میلہ پاکستانی سفارتخانے ابوظہبی کے تعاون سے شام 4 بجے سے 8 بجے تک جاری رہے گا۔

میلے کا مقصد پاکستانی آم، ثقافت اور قومی فخر کو فروغ دینا ہے۔ میلے میں پاکستان کے 10 سے زائد اقسام کے اعلیٰ معیار کے آم پیش کیے جائیں گے، جبکہ متعدد آموں سے تیار کردہ پکوان بھی شرکاء کو پیش کیے جائیں گے۔ داخلہ مفت ہے اور تقریباً 700 آموں کے کارٹن شرکاء میں مفت تقسیم کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فرحان اس سے قبل 2023 میں بھی کامیاب آم میلہ منعقد کر چکے ہیں۔

گزشتہ شب انہوں نے النواب ریسٹورنٹ، شارجہ میں مقیم پاکستانی صحافیوں کو عشائیے پر مدعو کیا اور انہیں اس سال کے میلے اور اپنی خدمات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ اس میلے کی تشہیر میں ان کا ساتھ دیں کیونکہ یہ پروگرام بغیر کسی اسپانسرشپ کے، صرف پاکستان کی محبت میں انفرادی طور پر منعقد کیا جا رہا ہے، تاکہ دنیا کو پاکستانی مہمان نوازی اور آموں کی شان دکھائی جا سکے۔