پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کے بورڈ اجلاس کا انعقاد، خواتین کے تحفظ کیلئے اہم پالیسی فیصلے

بدھ 25 جون 2025 22:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2025ء) پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کا بورڈ اجلاس اتھارٹی کے ہیڈ آفس وحدت کالونی لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیئرپرسن حنا پرویز بٹ نے کی۔ اجلاس میں ممبران اسمبلی کنول پرویز چوہدری، شازیہ رضوان، تاشفین صفدر، نیلم جبار چوہدری، مختلف محکموں کے سیکرٹریز اور دیگر معزز اراکین بورڈ نے شرکت کی۔

اجلاس میں سب سے پہلے گزشتہ بورڈ میٹنگ کی کارروائی کی توثیق کی گئی اور اس میں کیے گئے فیصلوں پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ بعد ازاں اتھارٹی کے لیے ریٹینرشپ پالیسی کی منظوری دی گئی۔ پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کردہ مالی معاونت کی پالیسی کو باقاعدہ طور پر اڈاپٹ کیا گیا۔ اسی طرح ڈرائیورز اور اکائونٹنٹس کی پوسٹوں کی اپ گریڈیشن سے متعلق فنانس ڈیپارٹمنٹ کی پالیسی کو بھی اپنایا گیا۔

(جاری ہے)

ڈی جی پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کلثوم ثاقب نے اجلاس میں اتھارٹی کی حالیہ کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اتھارٹی نے گزشتہ مہینوں میں اہم ادارہ جاتی ترقی حاصل کی ہے۔ پروٹیکشن آف ویمن اگینسٹ وائلنس ایکٹ 2016 اور پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی ایکٹ 2017 کے تحت رولز تیار کر لیے گئے ہیں۔ اسی طرح ویمن پروٹیکشن سینٹرز، ہیلپ لائن 1737 اور شیلٹر ہومز کے لیے جامع ایس او پیز بھی مکمل کیے جا چکے ہیں۔

پروٹیکشن سینٹرز اور ہیلپ لائن کے ایس او پیز نوٹیفائی کیے جا چکے ہیں جبکہ شیلٹر ہومز کے ایس او پیز جلد سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے نوٹیفائی کیے جائیں گے۔انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ لاہور میں نیا ویمن پروٹیکشن سینٹر باقاعدہ طور پر فعال ہو چکا ہے اور خواتین کو فوری تحفظ، قانونی امداد، نفسیاتی مشاورت اور بحالی کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔

مزید یہ کہ وفاق کے زیر انتظام 12 شہید بے نظیر بھٹو خواتین کرائسس سینٹرز اب پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کے دائرہ اختیار میں شامل کر دیے گئے ہیں۔ اجلاس میں اتھارٹی کے آئندہ پانچ سالہ اسٹریٹجک پلان اور کمیونیکیشن اسٹریٹیجی کی بھی منظوری دی گئی جو ادارے کی سمت کا تعین کرے گی۔آئندہ مالی سال 2025-26کے لیے اتھارٹی کے نئے اخراجات کی منظوری بھی دی گئی، اور سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی موجودہ اور نئی اسکیموں کو شامل کر لیا گیا ہے۔

اس میں تین نئے ویمن پروٹیکشن سینٹرز کے قیام کے لیے فنڈز کی منظوری اور پہلے سے موجود تین سینٹرز کی اپ گریڈیشن بھی شامل ہے۔چیئرپرسن حنا پرویز بٹ نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے وژن اور قیادت میں خواتین کے تحفظ کو صوبے میں ترجیح دی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی خواتین کے لیے ایک محفوظ، بااختیار اور باعزت معاشرہ تشکیل دینے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔