Live Updates

منشیات کے استعمال کا بڑھتا ہوا خطرہ ہر معاشرے کے لئے چیلنج بن چکاہے،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا پیغام

جمعرات 26 جون 2025 10:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2025ء) وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی نے کہا ہے کہ منشیات کے استعمال کا بڑھتا ہوا خطرہ ہر معاشرے کے لئے چیلنج بن چکاہے،پاکستان نے نیشنل اینٹی نارکوٹکس پالیسی کے تحت منشیات کے استعمال اور سمگلنگ کے خلاف جامع اقدامات کئے ہیں اور اے این ایف کا اس ضمن میں کردار قابل ستائش ہے،اقوام عالم کو مشترکہ اقدامات سے منشیات کے استعمال کے آگے بند باندھنا ہو گا۔

جمعرات کومنشیات کے استعمال و غیر قانونی سمگلنگ کے خلاف عالمی دن پراپنے پیغام میں وزیر داخلہ نے کہا کہ منشیات کے استعمال کا بڑھتا ہوا خطرہ ہر معاشرے کے لئے چیلنج بن چکاہے،اقوام عالم کو مشترکہ اقدامات سے منشیات کے استعمال کے آگے بند باندھنا ہو گا، پاکستان اس جنگ میں دنیا کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے نیشنل اینٹی نارکوٹکس پالیسی کے تحت منشیات کے استعمال اور سمگلنگ کے خلاف جامع اقدامات کئے ہیں اور اے این ایف کا اس ضمن میں کردار قابل ستائش ہے،اے این ایف کے افسران اور جوانوں نے منشیات سے پاک معاشرے کی جدوجہد میں قیمتی جانیں قربان کی ہیں،اے این ایف کے شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ قوم تمام شہدا کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے یہ جنگ اپنے خون سے لڑی، یہ عزم ہماری اجتماعی طاقت کی علامت ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ منشیات کے استعمال اور سمگلنگ کے خلاف جنگ جیتنے کے لئے سب کو شانہ بشانہ کام کرنا ہوگا،منشیات سے پاک معاشرہ نئی نسل کا حق ہے اور یہ حق انہیں دے کر رہیں گے،منشیات فروش انسانیت اور نوجوان نسل کے بدترین دشمن ہیں،ایسے عناصر کو نشان عبرت بنانے کا قومی عزم رکھتے ہیں ۔وزیر داخلہ نے کہا کہ آئیے منشیات کے استعمال اور سمگلنگ کے خلاف ہم ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لئے اپنی کاوشوں کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کریں۔\932
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات