چیئرمین پی ٹی اے کی ناروے میں پاکستانی سفیر سے ملاقات، ڈیجیٹل تعاون کے فروغ پر بات چیت کی

جمعرات 26 جون 2025 21:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2025ء)چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر)حفیظ الرحمن نے ناروے کے سرکاری دورے کے دوران اوسلو میں پاکستان کی سفیر سعادیہ الطاف قاضی سے اہم ملاقات کی۔ چیئرمین پی ٹی اے کا یہ دورہ انٹرنیٹ گورننس فورم (آئی جی ایف)2025میں پاکستان کی نمائندگی کے موقع پر ہوا۔ملاقات میں باہمی ڈیجیٹل تعاون کے مزید استحکام اور عالمی سطح پر پاکستان میں ڈیجیٹل فٹ پرنٹ کی توسیع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین پی ٹی اے نے پاکستان میں ڈیجیٹل ریگولیٹری فریم ورک میں متوقع پیش رفت سے آگاہ کیا اور ڈیجیٹل شمولیت، براڈبینڈ تک رسائی، اور سائبر سیکیورٹی کے فروغ کے حوالے سے اتھارٹی کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ سفیر پاکستان نے پی ٹی اے کی جانب سے محفوظ اور جامع ڈیجیٹل تبدیلی کے فروغ میں ادا کیے جانے والے فعال کردار کو سراہا اور بین الاقوامی سطح پر روابط کی توسیع پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔واضح رہے کہ یہ ملاقات پی ٹی اے کے اس عزم کی عکاس ہے جس کے تحت وہ عالمی اشتراک کے فروغ کے تحت ایک محفوظ، مربوط اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ ڈیجیٹل پاکستان کی تعمیر کے لیے کوشاں ہے۔