وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیرصدارت توانائی کے شعبے کو درپیش اہم چیلنجز کا جائزہ لینے کیلئے اعلی سطح کا اجلاس

جمعرات 26 جون 2025 22:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2025ء) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے توانائی کے شعبے کو درپیش اہم چیلنجز کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزراء برائے پٹرولیم، توانائی و خوراک، معاون خصوصی طارق باجوہ، پاور ریفارمز کے نیشنل کوآرڈینیٹر، سیکرٹریز پٹرولیم و پاور اور دیگر سینئر سرکاری حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

جمعرات کو نائب وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اجلاس میں توانائی کے شعبے کے مالیاتی استحکام اور طویل مدتی نمو پر اثر انداز ہونے والے کلیدی مسائل پر گفتگو کی گئی جن میں توانائی کا استعمال، ٹیرف ڈھانچے، قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار اور سبسڈیز شامل ہیں۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحق ڈار نے اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا اور متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ گھریلو صارفین کے لیے گیس کے نرخوں میں کسی اضافہ سے گریز کرتے ہوئے ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ٹھوس اور قابل عمل حل پیش کریں۔