لاہور ، داتا دربار سے اغواء 3سالہ بچہ بازیاب، ملزم بھی گرفتار

بچے کو ایک خالی مکان سے بازیاب کیا گیا ، ملزم اغواء کے بعد بچے پر تشدد بھی کرتا رہا، ایس ایس پی سٹی

جمعرات 26 جون 2025 22:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2025ء) داتا دربار پولیس نے کامیابی کارروائی کے نتیجے میں 6دن قبل اغواء ہونے والے 3سالہ بچے کو بازیاب کروایا اور ملزم کو بھی گرفتار کرلیا۔لاہور پولیس نے بتایا کہ بازیا ب ہونے والا 3سالہ بچہ 6دن قبل اپنی والدہ اور بھائیوں کے ساتھ داتا دربار سلام کی غرض سے آیا تھا اور والدہ بچوں کو داتا دربار کے سامنے پارک میں بیٹھا کر کھانا لینے گئی۔

ایس پی سٹی بلال احمد نے کہا کہ ملزم والدہ کی غیر موجودگی میں بچوں کے پاس 45منٹ تک موقع کی تلاش میں بیٹھا رہا اور موقع ملنے پر مغوی کے بڑے بھائی کو پیسے دے کر دوکان پر چیز لینے کے لیے بھیج دیا۔انہوں نے بتایا کہ بڑے بھائی کے جانے پر ملزم نے تین سالہ حسن کو اغواء کیا اور لوکل بس میں بیٹھ کر فرار ہو گیا، جس کے بعد داتا دربار پولیس نے اطلاع ملنے پر واقعے کا مقدمہ فوری طور پر درج کیا۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی سٹی نے بتایا کہ سی سی پی او لاہور اور ڈی آئی جی آپریشنز کی طرف سے بچے کی فوری بازیابی کے لیے ٹیم تشکیل دی گئی اور ٹیم کی شب و روز انتھک محنت رنگ لے آئی اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ شاطر ملزم گرفتاری سے بچنے کے لیے پہلے لوکل ٹرانسپورٹ کا استعمال کرتے ہوئے گجومتہ روئی نالہ پہنچا، پھر رکشہ اور بعد میں موٹر سائیکل کا استعمال کرکے نامعلوم مقام پر چلا گیا۔ایس پی سٹی کا کہنا تھا کہ داتا دربار پولیس ملزم کا سراغ لگاتے ہوئے اس کا پیچھا کرتی رہی اور بچے کو ایک خالی مکان سے بازیاب کر لیا، ملزم اغوا کے بعد بچے پر تشدد بھی کرتا رہا۔