بارش کے کھڑے پانی سے ماں بیٹے کی لاشیں برآمد

بچے کی لاش کی اطلاع ملی،تلاش پر ماں کی لاش بھی مل گئی،پولیس تحقیقات جاری

جمعہ 27 جون 2025 14:49

بارش کے کھڑے پانی سے ماں بیٹے کی لاشیں برآمد
حجرہ شاہ مقیم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء)بائی پاس پر افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں کھڑے بارش کے پانی سے ایک خاتون اور بچے کی نعشیں برآمد ہوئیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق بائی پاس نزد اعوان پیٹرولیم کے قریب واقعہ کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی اور کارروائی کا آغاز کیا۔ ابتدائی طور پر بچے کی نعش پانی سے نکالی گئی جبکہ سرچ آپریشن کے بعد ماں کی نعش بھی مل گئی۔

(جاری ہے)

جاں بحق ہونے والوں کی شناخت کاغذات سے ہوئی جسکے مطابق متوفی معافیہ بی بی زوجہ عبدالغفور اور اسکا کمسن بیٹا چک امیر سنگھ پاکپتن کے رہائشی تھے،متوفی خاتون کا شوہر بھی ایک سال قبل وفات پا چکا تھا۔ ذرائع کے مطابق یہ ماں بیٹا سڑک کنارے کھڑے تھے کہ کسی نامعلوم گاڑی نے انہیں ٹکر مار دی جس کے باعث وہ سڑک کے ساتھ جمع بارش کے پانی میں جا گرے اور جان کی بازی ہار گئے۔ ریسکیو ٹیم نے لاشیں ہسپتال منتقل کر دیں جبکہ رینالہ پولیس نے شواہد اکٹھے کیے اور واقعہ کی تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ حادثہ اتفاقیہ تھا یا کسی مجرمانہ غفلت کا نتیجہ، اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔