Live Updates

سندھ حکومت کی ناہلی کی وجہ سے سندھ میں بارشیں رحمت سے زحمت جاتی ہیں حلیم عادل شیخ

جمعہ 27 جون 2025 17:46

سندھ حکومت کی ناہلی کی وجہ سے سندھ میں بارشیں رحمت سے زحمت جاتی ہیں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے ایک وڈیو بیان میں سندھ میں مون سون بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات اور بدانتظامی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب عوام مون سون کی بارشوں کا انتظار کیا کرتی تھی، بارشیں رحمت ہوا کرتی تھیں، لیکن آج سندھ میں یہی بارشیں زحمت بن چکی ہیں اور اس کی واحد وجہ سندھ حکومت کی کرپشن اور بدترین نالائقی ہے۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ گزشتہ شب کراچی میں بارش کے باعث کرنٹ لگنے سمیت دیگر واقعات میں سات شہری جان کی بازی ہار گئے، جس کی مکمل ذمہ داری کے الیکٹرک، پیپلزپارٹی کی مافیا حکومت اور غیر ذمہ دار بلدیاتی اداروں پر عائد ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ عوام کی جانوں سے کھیلنا معمول بن چکا ہے، عوام کو مشکلات میں دھکیلنے والے میئر کراچی اور سندھ حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ عمران خان کی حکومت میں کراچی کے گجر نالے، محمود آباد نالہ، کورنگی نالہ سمیت کئی بڑے نالوں کی صفائی پر اربوں روپے خرچ کیے گئے تھے اور نالوں کی صفائی مکمل کلی گئی تھی ۔ لیکن موجودہ پیپلزپارٹی حکومت کی کرپشن اور لاپرواہی کے باعث آج یہی نالے دوبارہ کچرے کے ڈھیر میں بدل چکے ہیں۔ سندھ حکومت نے ایک بار پھر اربوں روپے کے فنڈ تو نکالے ہیں مگر نالوں کی صفائی کہیں دکھائی نہیں دیتی۔

پی ٹی آئی سندھ کے صدر نے کہا کہ سندھ کے وزرا پہلے سیلاب کے نام پر اربوں روپے کے فنڈز کھا چکے ہیں اور اب دوبارہ انہی فنڈز کو ہڑپ کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ پچھلے سیلاب میں کہا گیا تھا کہ لاکھوں گھر بنائے جائیں گے، مگر آج تک کوئی یہ بتانے کو تیار نہیں کہ وہ گھر کہاں بنے اور کس کو ملی حلیم عادل نے کہا کہ نہ کنالوں کے بند مضبوط کیے گئے، نہ نہروں کی بھل صفائی کرائی گئی اور نہ ہی کوئی عملی اقدامات کیے گئے۔

وزرا اور سیکریٹریز بارشوں سے پیدا ہونے والی مصیبت پر خوشیاں منا رہے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ سندھ کے عوام آج بھی صاف پانی، نکاسی آب اور بنیادی بلدیاتی سہولیات کو ترس رہے ہیں۔ پیپلزپارٹی نے سندھ کو لاوارث چھوڑ دیا ہے۔ حلیم عادل شیخ نے اعلان کیا کہ پی ٹی آئی سندھ عوام کے ساتھ کھڑی ہے، حق اور سچ کی آواز بلند کرتی رہے گی اور سندھ کی عوام کو ان کا حق دلوانے کی جدوجہد جاری رکھے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات