گرینائٹ ماربل ،قیمتی پتھروں کی صنعت پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ‘خادم حسین

ماربل گرینائٹ اور دیگر قیمتی پتھروں کی خام مال کی صورت میں برآمد پر فی الفور پابندی عائد کی جائے

جمعہ 27 جون 2025 16:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء) پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے رکن اور سینئر نائب صدر فیروز پور روڈ بورڈخادم حسین نے کہا ہے کہ گرینائٹ ماربل ،قیمتی پتھروں کی صنعت پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، اگر حکومت اس صنعت کو جدید بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے تو پاکستان کو ماربل کی برآمدات سے کثیر زرمبادلہ حاصل ہوسکتا ہے ۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ماربل گرینائٹ اور دیگر قیمتی پتھروں کی صنعت کوکبھی حکومتی سرپرستی حاصل نہیں رہی اور اسے صرف الفاظ میں ہی صنعت کا درجہ دیا گیا ،بڑی صنعت کے طور پر استفادہ کرنے کیلئے موثر پالیسی بنائی جائے ۔ خادم حسین نے کہا کہ بد قسمتی سے پاکستان کے قیمتی ذخائر مٹی کے بھائو بیچے جارہے ہیں، جن کے پاس اختیارات ہیں وہ اپنی مرضی سے مقامی ضرورت اور برآمدکیلئے ریٹ نکالتے ہیں، جنہوں نے کنٹریکٹ کیا ہوا ہے وہ خود ہی نکال رہے ہیں اور خود ہی لے کر جارہے ہیں جس سے قومی خزانے کو کسی طرح کا فائدہ نہیں ہو رہا ۔

(جاری ہے)

مطالبہ ہے کہ اس کی خام مال کی صورت میں برآمد پر فوری پابندی لگائی جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اسے باضابطہ صنعت کا درجہ دے کر اس کے لئے موثر پالیسی بنائے ، حکومت توجہ مرکوز کرے تو یہ صنعت برآمد ی فہرست میں ایک بڑا اضافہ ثابت ہو سکتا ہے اور اس کے ذریعے پاکستان کا 100ارب ڈالر کا قرضہ چند سالوں میں اتارا جا سکتا ہے ۔