سپرنٹنڈنگ انجینئر گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی سرکل سیالکوٹ کا صارفین کی شکایات کے ازالہ کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد

جمعہ 27 جون 2025 17:17

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2025ء) سپرنٹنڈنگ انجینئر گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی ( گیپکو)سرکل سیالکوٹ سردار جمشید خان نے صارفین کی شکایات کے ازالہ کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا ۔ انہوں نے گیپکو سرکل آفس سیالکوٹ میں صارفین کی شکایات سنیں اور موقع پر متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کا مکمل خاتمہ اور نادہندگان سے سو فیصد واجبات کی وصولی ہمارا عزم ہے اور صارف دوست سروس کے تحت ہم بجلی کی بہتر فراہمی کے لیے کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صارف دوست سروس کے تحت صارفین کے مسائل کو کھلی کچہریوں کی مدد سے حل کیا جارہا ہے اور بجلی سے متعلق شکایات کو موقع پر حل کرنے کے لئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی مدد سے بجلی چوری کا مکمل خاتمہ کریں گے جبکہ ریکوری مجسٹریٹ بھی قانونی مدد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام پر لازم ہے کہ وہ بجلی کے بل باقاعدگی سے ادا کریں تاکہ لائن لاسز کم ہوں، ریکوری بہتر ہوگی تو لوڈ شیڈنگ بھی کم ہوگی۔ کھلی کچہری میں سب ڈویژن آفیسرز امجد چیمہ ،رانا کاشف ،ایکسین عبدالقیوم ،لائن سپرنٹنڈنٹ وقاص منیر اور ریکوری انچارج احسن ہاشمی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :