دریائے سوات میں طغیانی، سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی، 19 سیاح ڈوب گئے، چارکی لاشیں نکال لی گئیں

جمعہ 27 جون 2025 20:15

دریائے سوات میں طغیانی، سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی، 19 سیاح ڈوب گئے، ..
سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جون2025ء) خیبرپختونخوا کے سیاحتی علاقے سوات میں سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی، ایک ہی خاندان کے 10 افراد سمیت انیس سیاح ڈوب گئے، 4 نعشیں نکال لی گئیں ، 3 افراد کو بچا لیا گیا جبکہ 11 افراد لاپتہ ہیں۔خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں جبکہ دریائے سوات بپھر گیا ہے، ندی نالوں میں طغیانی آئی ہے جس نے قریبی علاقوں کو لپیٹ میں لے لیا ہے۔

ڈسکہ سے سیر کے لیے جانے والے شہری عدنان نے بتایا کہ میرے خاندان کی 4 خواتین اور 6 بچے سیلابی ریلے میں بہہ گئے جبکہ ہمارے علاوہ بھی 3 افراد دریا برد ہو گئے، صبح ناشتے کے لیے دریائے سوات کے کنارے موجود تھے کہ سیلاب آیا اور لوگ پھنس گئے۔ریسکیو حکام نے بتایا کہ 80 اہلکار ریسکیو آپریشن میں شریک ہیں، پانی کے تیز بہاؤ کے باوجود امدادی کارروائیاں جاری ہیں، خراب موسم اور دریا کی تیز روانی کے باعث باقی سیاحوں تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے، اب تک 2 بچوں سمیت 4 افراد کی نعشیں مل گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ڈی جی ریسکیو خیبرپختونخوا شاہ فہد نے بتایا کہ مختلف علاقوں میں سیلاب میں پھنسے ہوئے 3 افراد کو بچا لیا گیا ہے، دریائے سوات میں ابھی پانی کی سطح بلند ہے، 5 مختلف علاقوں میں تلاش کا کام جاری ہے۔حکام نے شہریوں اور سیاحوں کو ندی نالوں کے قریب نہ جانے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، سوات اور گردونواح میں بارشوں کا سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔