کوہستان سکینڈل خیبرپختونخوا حکومت کے لیے کلنک کا ٹیکہ ہی: عظمیٰ بخاری

جعلی صادق و امین سرٹیفائیڈ کرپٹ ثابت ہوا، عوام کا پیسہ اشتہاریوں پر لٹایا گیا، وزیراطلاعات پنجاب

جمعہ 27 جون 2025 20:57

کوہستان سکینڈل خیبرپختونخوا حکومت کے لیے کلنک کا ٹیکہ ہی: عظمیٰ بخاری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جون2025ء) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے خیبرپختونخوا میں سامنے آنے والے 40 ارب روپے کے کوہستان کرپشن سکینڈل کو کے پی حکومت کے لیے ’’کلنک کا ٹیکہ‘‘ قرار دے دیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جعلی صادق و امین سرٹیفائیڈ کرپٹ ثابت ہو چکا ہے، اور جس تبدیلی کے خواب دکھائے گئے وہ دراصل ’’علی بابا چالیس چوروں‘‘کا ٹولہ نکلا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں عوام کا پیسہ اشتہاریوں اور مفروروں پر اڑایا جا رہا ہے، یا پھر آپس میں بانٹا جا رہا ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ دودھ کی رکھوالی پر بلے کو بٹھانے کا نتیجہ یہی نکلنا تھا۔وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ کوہستان میگا کرپشن سکینڈل اتنا بڑا ہے کہ جیل میں قید سزا یافتہ مجرم بھی اس پر پریشان ہے۔

(جاری ہے)

یہ اللہ کی شان ہے کہ جو شخص 190 ملین پاؤنڈ کے کیس میں سزا یافتہ ہے، اسے 40 ارب کی کرپشن بھی معمولی لگتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 12 سالوں سے خیبرپختونخوا میں چور بازاری، لوٹ کھسوٹ اور عوامی وسائل کا غلط استعمال جاری ہے۔ تعلیم، صحت اور بنیادی انفراسٹرکچر جیسی سہولیات کا نام و نشان نہیں جبکہ خیبرپختونخوا حکومت کو عوام کے مسائل سے زیادہ اڈیالہ جیل میں قید شخص کی فکر لاحق ہے۔