16 افراد دریائے سوات میں ڈوب گئے، 8جاں بحق، 5لاپتہ، لواحقین کا رقت آمیز احتجاج، ریسکیو ،انتظامیہ پر سنگین الزامات

جمعہ 27 جون 2025 22:49

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء)سوات میں دریائے سوات کے کنارے تفریح کی غرض سے آنے والے سیاحوں کیلئے خوشی کا لمحہ قیامت بن گیا۔ مینگورہ بائی پاس کے قریب اچانک پانی کا ریلا آنے سے 16سیاح دریا میں بہہ گئے جن میں سے 8کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، 3افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے جبکہ 5 کی تلاش اب بھی جاری ہے۔ریسکیوترجمان کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں روبینہ زوجہ عبدالسلام، ان کی بیٹیاں شیرمین اور تزمین،عجوامحسن اورمیرم محسن دختران محسن، محمد ایان ولد شہباز ساکنان ڈسکہ سیالکوٹ اور مردان سے تعلق رکھنے والے دو افراد عشال نصیردختر نصیر اورفرمان حسین ولدحسین ساکنان مردان شامل ہیں جن کی لاشیں نکال لی گئی ہیں اور سیدوٹیچنگ اسپتال منتقل کردی گئیں ۔

جہاں سے لاشوں کو ایمبولینس گاڑیوں میں آبائی علاقوں میں روانہ کردی گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

جبکہ پانچ افراد دانیال ولد نصیرسکنہ مردان ، انفالاور عشال دختران محسن، آئمہ دختر محمد شہبازاورعبداللہ ولد عبدالسلام تاحال لاپت ہیں ۔ ریسکیو 1122کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد سعدخان کے مطابق لاپتہ افراد کی تلاش کے لئے پانچ مختلف مقامات پر آپریشن جاری ہے جس میں 150سے زائد اہلکار حصہ لے رہے ہیں ۔

حادثے میں اپنے پیارے کھونے والیسیالکوٹ کے ایک متاثرہ شخص محمد شہباز نے روتے ہوئے کہاکہ یہ جگہ پہلے خشک تھی،کوئی پانی نہیں تھا ہمارے بچے اس میں سے گزرکر گئے ۔نہ ہوٹل والوں نے کچھ بتایا، نہ انتظامیہ نے خبردار کیا۔ اگر مجھے خطرہ معلوم ہوتا تو اپنے بچوں کو کبھی نہ جانے دیتا۔ میرا ایک بیٹا اور ایک بیٹی بھی جاں بحق ہوگئے ہیں۔ ہمارے خاندان کے دس کے دس افراد اس سانحے کی نذر ہوگئے۔

شہباز نے مزید کہا کہ ریسکیو اہلکار موقع پر آئے، رسی باندھی، پھر چلے گئے، اور تقریبا ایک گھنٹے بعد دوبارہ واپس آئے، وہ بھی بغیر کسی خاطرخواہ سامان یا تیاری کے۔ ان کے مطابق اگر بروقت اور مثر امداد پہنچتی تو کئی جانیں بچائی جا سکتی تھیں۔کمشنر ملاکنڈ ڈویژن عابد وزیر نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دیا ہے۔ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب کے ہمراہ متاثرہ جگہ کا دورہ کے موقع پر ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی بھی سطح پر غفلت یا کوتاہی سامنے آئی تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

ان کے مطابق دریائے سوات میں اچانک 72ہزار کیوسک سے زائد پانی کا ریلا آیا، جس نے سیاحوں کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب کے مطابق 2جون سے ضلع بھر میں دفعہ 144نافذ ہے اور دریا کے کنارے جانے پر پابندی عائد ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے وارننگ بورڈز بھی نصب کیے گئے تھے۔انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے پینتالیس کے قریب مقدمات بھی درج کئے گئے ہیں ۔ریسکیو 1122کی ٹیمیں لاپتہ افراد کی تلاش میں مسلسل مصروف ہیں، جبکہ دریا کے بہا کو دیکھتے ہوئے تلاش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے ایک بار پھر سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قدرتی مقامات پر تفریح کے دوران مکمل احتیاط کریں، حفاظتی اصولوں پر عمل کریں اور دریا کے قریب جانے سے گریز کریں۔