ژ*محرم سکیورٹی کے ساتھ شہریوں کے مسائل پر فیصل کامران کی کھلی کچہریاں جاری

ڈی آئی جی آپریشنز نے نماز جمعہ کے بعد کھلی کچہری میں شہریوں کے مسائل سنے، فوری احکامات جاری پولیس اہلکاروں کی شکایات پر موقع پر طلبی، قصور واروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی ہدایت ، ترجمان

جمعہ 27 جون 2025 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جون2025ء)محرم الحرام کی سکیورٹی کے ساتھ ساتھ شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ فیصل کامران نے اپنے دفتر اور جامع مسجد حنفیہ غوثیہ سوڈیوال میں نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے بعد شہریوں کے مسائل سنے۔اس موقع پر ایس پی اقبال ٹاؤن، متعلقہ سرکل افسران، ایس ایچ اوز اور بڑی تعداد میں شہری موجود تھے۔

کھلی کچہری میں لین دین، لڑائی جھگڑے، کرایہ و گروی، اور پولیس کے رویے سے متعلق شکایات موصول ہوئیں۔ فیصل کامران نے موقع پر موجود افسران کو تمام درخواستوں پر فوری اور میرٹ پر کارروائی کا حکم دیا۔ایک خاتون نے الزام لگایا کہ اس کے شوہر پر جھوٹے مقدمات درج کیے جا رہے ہیں اور اصل ملزمان کو رشوت لے کر چھوڑا جا رہا ہے، جس پر ڈی آئی جی آپریشنز نے ڈی ایس پی گجرپورہ کو فوری انکوائری کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

گروی و کرایہ داری کے تنازعات پر فیصل کامران نے فریقین کے مابین معاہدوں کی پاسداری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ پولیس اہلکاروں کے خلاف موصول ہونے والی شکایات پر متعلقہ اہلکاروں کو فوراً طلب کر کے سائلین کی موجودگی میں ان سے جواب طلبی کی گئی۔ قصور وار اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی اور جھوٹی درخواستیں دینے والے شہریوں کو سخت وارننگ جاری کی گئی۔

فیصل کامران کا کہنا تھا کہ حق تلفی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، وردی کا ناجائز استعمال کرنے والے اہلکار قانونی و محکمانہ کارروائی کے لیے تیار رہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے عدالتی احکامات پر من و عن عملدرآمد کی ہدایت بھی کی اور عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات میں شہریوں کو رہنمائی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے کہا کہ انصاف کی فراہمی ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور لاہور پولیس اسے ہر صورت یقینی بنائے گی۔