سیالکوٹ پولیس کا محرم الحرام کیلئے فول پروف سکیورٹی پلان جاری

جمعہ 27 جون 2025 21:20

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2025ء) سیالکوٹ پولیس نے محرم الحرام کے لیے فول پروف سکیورٹی پلان جاری کر دیا۔ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق سیالکوٹ پولیس نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل شہزاد کی ہدایات پر محرم الحرام 2025 کے دوران ضلع بھر میں امن و امان برقرار رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی مؤثر روک تھام کے لیے ایک جامع اور فول پروف سکیورٹی پلان جاری کر دیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق محرم الحرام کے پہلے عشرے کے دوران ضلع سیالکوٹ میں1210 مجالس اور 303 جلوس منعقد ہوں گے، جن میں کیٹیگری A کے 40، کیٹیگری B کے 94 اور کیٹیگری C کے 169 جلوس جبکہ کیٹیگری A کی 66، کیٹیگری B کی 152 اور کیٹیگری C کی 992 مجالس شامل ہیں۔ ان تمام اجتماعات کے لیے حساسیت کے اعتبار سے سکیورٹی اقدامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں 2000 سے زائد پولیس افسران و اہلکاران اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔

علاوہ ازیں جلوسوں اور مجالس کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ایک الگ ٹریفک مینجمنٹ پلان بھی مرتب کیا گیا ہے، جس کے تحت متبادل راستے اور ڈائیورژن پوائنٹس کی نشاندہی مکمل ہو چکی ہے۔ سکیورٹی کے لیے جلوس کے روٹس پر موجود عمارتوں کی چھتوں پر ماہر سنائپرز تعینات کیے جائیں گے۔تمام مرکزی جلوسوں اور مجالس کی نگرانی کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جا چکے ہیں جنہیں ضلعی کنٹرول روم اور سیف سٹی اتھارٹی کے مرکزی نظام سے منسلک کیا گیا ہے۔ اس موقع پر ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے تمام مکاتب فکر کے علماء،جلوس و مجالس کے منتظمین اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے سیالکوٹ پولیس سے بھرپور تعاون کریں۔