Uسوات میں سیاحوں کے دریا میں ڈوبنے کا واقعہ

ذ* صوبائی حکومت نے ناقص کارکردگی دکھانے والے متعدد افسران کو معطل کردیا وزیراعلیٰ نے ناخوشگوار سانحے میں جاں بحق ہونے والے پنجاب کے افراد کے لیے بھی معاوضوں کا اعلان کردیا

جمعہ 27 جون 2025 21:20

م* سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جون2025ء)سوات میں سیاحوں کے دریا میں ڈوبنے کے واقع پر صوبائی حکومت نے ناقص کارکردگی دکھانے والے متعدد افسران کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔صوبائی حکومت نے اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی، اسسٹنٹ کمشنر خوازہ خیلہ، اے ڈی سی ریلیف اور ریسکیو 1122 کے ضلعی انچارج کو معطل کرکے واقعے پر انکوائری کا حکم جاری کردیا ہے۔

دوسری طرف سوات میں سیلابی ریلوں سے ہونے والے نقصانات اور ریسکیو آپریشن سے متعلق صوبائی حکومت نے ابتدائی رپورٹ جاری کردی۔رپورٹ کے مطابق آج صبح ساڑھے 8 بجے سوات بائی پاس پر جی قربان ہوٹل کے ساتھ 18 افراد اچانک سیلابی ریلے میں پھنس گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا، ان افراد میں سے 3 کو بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ریسکیو، ضلعی انتظامیہ اور مقامی افراد کے مشترکہ آپریشن کے نتیجے میں 6 افراد کی لاشیں نکالی گئیں، جبکہ 9 افراد ابھی تک لاپتا ہیں، 3 افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔ لاپتا افراد کی تلاش کے لیے ضلع ملاکنڈ کی حدود تک سرچ آپریشن جاری ہے۔وزیراعلیٰ نے ناخوشگوار سانحے میں جاں بحق ہونے والے پنجاب کے افراد کے لیے بھی معاوضوں کا اعلان کیا ہے، معاملے کی انکوائری کے لیے چیئرمین وزیراعلیٰ انسپکشن ٹیم کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

صوبائی حکومت کے مطابق اسی طرح سوات بائی پاس ریلیکس ہوٹل کے مقام پر 10 زائد افراد ڈوبنے کی تصدیق ہوئی، ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچ چکی ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امام ڈھیرکے مقام پر 22 افراد سیلابی ریلے میں پھنس گئے تھے جنہیں ریسکیو ٹیموں نے بحفاظت بازیاب کرلیا، غالیگے کے علاقے میں 7 افراد پھنس گئے تھے، سرچ آپریشن کے ذریعے ایک لاش برآمد کی گئی ہے باقیوں کی تلاش جاری ہے۔

اسی طرح مانیار میں بھی 7 افراد کے پھنسے کی اطلاع ہے، جہاں پر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔صوبائی حکومت کے مطابق پنجیگرام کے علاقے میں ایک شخص سیلابی ریلے میں پھنسا ہوا جس کو ریسکیو کرنے کے لیے کاروائی جاری ہے، برہ باما خیل مٹہ میں سیلابی ریلے میں پھنسے 20 سے 30 افراد کو کامیابی سے ریسکیو کیا گیا۔بائی پاس روڈ پر دریائے سوات کے مختلف مقامات پر کل 75 افراد پھنس گئے تھے، بروقت ریسکیو آپریشن کے ذریعے ان میں سے 58 افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے، ریسکیو آپریشنز کے ذریعے 8 لاشیں برآمد کی گئیں ہیں۔صوبائی حکومت کے مطابق اس وقت کل 10 افراد لاپتہ ہیں، سوات کے 8 مختلف مقامات پر ریسکیو آپریشن جاری ہیں، جن میں 105 ریسکیو عملہ حصہ لے رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :