ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی کی زیر صدارت محرم الحرام کے سلسلے میں اجلاس

جمعہ 27 جون 2025 23:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی کی زیر صدارت محرم الحرام کے سلسلے میں تیاریوں کے حوالے سے محکمہ صحت، ایف سی اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ الگ الگ اجلاس منعقد ہوئے۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)، ڈی ایچ او کوئٹہ، ڈی ایس ایم کوئٹہ، صفا کوئٹہ اور ایف سی کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں محرم الحرام کے جلوسوں کے دوران سکیورٹی، صفائی اور طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ محکمہ صحت اور پی پی ایچ آئی کی جانب سے جلوس کے راستوں پر ایمبولینسز اور میڈیکل کیمپس فراہم کیے جائیں گے، جہاں ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور ضروری طبی سامان موجود ہوگا۔صفا کوئٹہ کی جانب سے جلوس سے قبل تمام روٹس اور نالوں کی مکمل صفائی کی جائے گی جبکہ جلوسوں کے اختتام کے بعد سڑکوں کی دوبارہ صفائی کو یقینی بنایا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے تمام اداروں کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران شہریوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی اور امن و امان کے قیام کو یقینی بنایا جائے۔