پاکستان میں ہر سال 90 ہزار خواتین میں بریسٹ کینسر کی تشخیص، 40 ہزار جاں بحق ہو جاتی ہیں، آصف بھٹو زرداری

بدھ 1 اکتوبر 2025 23:25

پاکستان میں ہر سال 90 ہزار خواتین میں بریسٹ کینسر کی تشخیص، 40 ہزار جاں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 اکتوبر2025ء) خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے بریسٹ کینسر سے آگاہی کے مہینے کے موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان میں ہر سال ہزاروں خواتین اس مرض کے باعث اپنی جانیں گنوا بیٹھتی ہیں، تاہم بروقت تشخیص اور درست علاج سے اس مہلک مرض سے بچاؤ ممکن ہے۔خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان میں ہر سال 90 ہزار سے زائد خواتین میں بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوتی ہے جبکہ 40 ہزار سے زائد خواتین اس مرض کے باعث زندگی کی بازی ہار جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اکثر اوقات مریضوں کی تاخیر سے تشخیص ہوتی ہے جو علاج کے عمل کو مشکل بنا دیتی ہے۔آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ بروقت تشخیص اور درست علاج سے بریسٹ کینسر سے بچاؤ کی شرح 90 فیصد سے زائد ہے۔ انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ اپنی صحت کو اہمیت دیں، خود معائنے کا سادہ طریقہ اپنائیں اور اسکریننگ کروائیں تاکہ ہزاروں زندگیاں بچائی جا سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ خاموشی توڑنا، آگاہی پھیلانا اور مشترکہ کوششیں ہی اس مرض سے نمٹنے کا واحد راستہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "ہم سب مل کر زندگیاں بچا سکتے ہیں اور ایک صحت مند، مضبوط پاکستان تشکیل دے سکتے ہیں۔"