اتحادِ اہلِ سنت پاکستان کا مشاورتی اجلاس

تحریک کو ملک بھر میں وسعت دی جائیگی ،تمام جماعتوں، دینی طبقات اور سجادگان کرام سے باقاعدہ مشاورت کی جائیگی ‘فیصلہ

ہفتہ 28 جون 2025 13:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2025ء) اتحادِ اہلِ سنت پاکستان کا پہلا مشاورتی اجلاس جامع مسجد نگینہ، چائنہ سکیم لاہور میں منعقد ہوا جس میں ملک کے مختلف شہروں سے جید علمائے کرام، مشائخ عظام اور دینی شخصیات نے شرکت کی ۔ مشاورتی اجلاس کی میزبانی علامہ بشیر احمد یوسفی نے کی، جنہوں نے اتحادِ اہلِ سنت کے اس عظیم مشن کااپنے ساتھیوں کے ہمراہ باقاعدہ آغاز کیا۔

ان کے ساتھ خصوصی طور پر مفتی محمد عارف ستار القادری ، پیر معید رضا قادری ، پیر سید حدیر الحسن شاہ اور علامہ سمیع اللہ قادری رضوی شریک ہوئے، جنہوں نے اہلِ سنت کے اتحاد، یکجہتی اور فکری ہم آہنگی کے لیے اپنی مکمل حمایت اور تعاون کا اعلان کیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس تحریک کو ملک بھر میں وسعت دی جائے گی اور تمام جماعتوں، دینی طبقات اور سجادگان کرام سے باقاعدہ مشاورت کی جائے گی تاکہ ایک مضبوط، متفق اور متحرک اتحاد قائم کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

علامہ بشیر احمد یوسفی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت اتحاد و اتفاق کا ہے، انتشار اور اختلاف کا نہیں۔ اہلِ سنت کو ایک جھنڈے تلے جمع کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ ہم دینِ مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کا پیغام صحیح انداز میں عام کر سکیں۔شرکائے اجلاس نے اس مشن کو سراہا اور اس پر عملدرآمد کے لیے عملی تجاویز پیش کیں۔ اجلاس کے اختتام پر اگلے مرحلے کے پروگرام کی تیاری کا اعلان بھی کیا گیا، جو عنقریب منعقد کیا جائے گا۔اجلاس کا اختتام دعائے خیر پر ہوا کہ اللہ تعالی اپنے محبوب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے صدقے اہلِ سنت کو اتحاد، اخلاص، اور کامیابی کی راہوں پر گامزن فرمائے۔