لاہور میں ایک کروڑ روپے نقد اور 40 تولہ سونے کی چوری کا ڈراپ سین

گھر کی مالکن ہی واردات کی ماسٹر مائنڈ نکلی، اپنے ڈرائیور کے ساتھ مل کر چوری کا منصوبہ بنایا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 28 جون 2025 14:58

لاہور میں ایک کروڑ روپے نقد اور 40 تولہ سونے کی چوری کا ڈراپ سین
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 جون 2025ء ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ایک کروڑ 6 لاکھ روپے نقد رقم اور 40 تولہ سونے کی چوری کا ڈراپ سین ہوگیا جہاں گھر کی مالکن ہی واردات کی ماسٹر مائنڈ نکلی، پولیس نے جدید ٹیکنالوجی سے ٹریس کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور پولیس حکام نے گھر میں ہونے والی ایک کروڑ 6 لاکھ روپے کی ڈکیتی اور 40 تولے سونا چوری کے مقدمے کو ڈرامائی انداز میں حل کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا، جس کے بارے میں پتا چلا ہے کہ گھر کی مالکن نے اپنے ڈرائیور کے ساتھ مل کر گھر میں چوری کا منصوبہ بنایا تھا۔

اس حوالے سے ایس ایچ او ویمن پولیس سٹیشن ریس کورس نے بتایا کہ دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ گھر کے دیگر افراد کی غیر موجودگی میں ملزمہ نے ڈرائیور سے واردات کروائی، واردات میں استعمال ہونے والا پستول بھی گھر کی مالکن نے خود ڈرائیور کو فراہم کیا تھا، ملزمہ کی جانب سے ڈرائیور سے واردات کروائے جانے کے بعد اس نے خفیہ جگہ پر مل کر ڈرائیور سے سونا اور نقدی لے لی تھی۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ دوران تفتیش ملزمہ نے اعتراف کیا ہے کہ پیسوں اور سونے کی لالچ میں چوری کی واردات کا ڈرامہ کیا تھا جب کہ ایس پی سول لائنز چوہدری اثر علی کا کہنا ہے کہ ملزمان سے کچھ نقد رقم، سونا اور پستول برآمد کیا گیا ہے، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے، عوام الناس کے جان و مال کی حفاظت اولین ترجیح ہے، شہری قانون کی پاسداری کریں اور لالچ میں آکر جرائم میں ملوث ہوکر خود کو خطرے میں نہ ڈالیں کیوں کہ پولیس ہر وقت چوکس ہے اور اپنا کام تندہی سے انجام دے رہی ہے۔