کمشنر کا کنٹرول روم کا معائنہ، محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ

ہفتہ 28 جون 2025 16:06

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن (ر) محمد وسیم نے محرم الحرام کے دوران امن و امان اور انتظامی امور کی نگرانی کے لیے قائم کردہ کنٹرول روم کا دورہ کیا۔ انہوں نے کنٹرول روم میں موجود سہولیات، مانیٹرنگ سسٹمز اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رانا محمد ابوبکر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے کنٹرول روم میں تعینات عملے سے بات چیت کی اور انہیں ہدایت کی کہ عاشورہ محرم کے دوران جلوسوں اور مجالس کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنایا جائے، کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری ردعمل کے لیے تمام محکمے الرٹ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ محرم الحرام کے دوران مکمل طور پر چوکس ہے اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام جلوسوں کے روٹس، داخلی و خارجی راستوں، اور حساس مقامات کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے، اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کنٹرول روم میں موجود سیکیورٹی کیمروں اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ محرم کے دوران شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ادارے باہم مربوط انداز میں کام کریں۔

متعلقہ عنوان :