صوبے کی ترقی اور خوشحالی میں محکمہ مواصلات و تعمیرات کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ، میر سلیم احمد کھوسہ

ہفتہ 28 جون 2025 19:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2025ء) صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ نے کہا ہے کہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی میں محکمہ مواصلات و تعمیرات کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ، صوبے میں انفراسٹرکچر کی بہتری ، ترقی اور خوشحالی کا دارومدار محکمہ مواصلات و تعمیرات کی بہتر کارکردگی پر منحصر ہے ۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ نے مالی سال 25-2024 ،نئے مالی سال 26-2025 اور مون سون بارشوں کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کے حوالے سے منعقدہ زوم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں صوبائی سیکرٹری مواصلات و تعمیرات لعل جان جعفر ، چیف انجینئر روڈز اور بلڈنگز سپرنٹنڈنگ انجینئرز اور ضلعی انجینئرز آفیسران کے علاؤہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

اجلاس کو مالی سال 25-2024 کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی گئی اور نئے مالی سال 26-2025 کے حوالے سے جامعہ پلاننگ اور مقررہ ہدف کو حاصل کرنے کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری مواصلات و تعمیرات لعل جان جعفر نے کہا کہ جس طرح مالی سال 25-2024 میں محکمہ مواصلات و تعمیرات نے تقریباً نوے فیصد اپنے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے اسی طرح نئے مالی سال میں بھی ہماری اولین کوشش یہی ہونی چاہیے کہ ہم اپنے مقررہ ہدف کو حاصل کر سکیں ۔ اس حوالے سے ٹینڈرنگ کا عمل جلد از جلد شروع کیا جائے اور جتنی بھی جاری اسکیمات ہیں،چاہیے وہ روڈ سیکٹر کے ہوں یا بلڈنگ سیکٹر کے ان کے حوالے سے جو بھی مسائل ہیں انہیں بھی حل کریں تاکہ ترقی کے اس عمل میں مزید تیزی لائی جائے ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ نے کہا کہ سیکرٹری مواصلات و تعمیرات لعل جان جعفر اور انکی ٹیم مبارک باد کے مستحق ہیں کہ انہوں نے دن رات محنت کرکے ترقیاتی فنڈز کے نوے فیصد کو خرچ کیا اور میں یہ امید رکھتا ہوں کہ نئے مالی سال میں ترقیاتی فنڈز کو مقررہ ہدف تک استعمال کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سال روڈ کے ساتھ ساتھ بلڈنگز کے منصوبوں کو خاص توجہ دی جائے ۔ صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات نے ممکنہ مون سون بارشوں کے باعث تمام ضلعی انجینئرز آفیسران کو ہدایات دیں کہ وہ اپنے عملے اور دستیاب مشنری کے ساتھ الرٹ رہیں اور ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں ۔