جعلساز وکلاء کیلئے زیرو ٹالرنس ،سہولت کاری کرنے والوں کے خلاف بھی بلا امتیاز کارروائی کی جائیگی‘ پنجاب بار کونسل

پروفیشنل وکلاء بار،بنچ کے تعلقات میں رکاوٹیں کھڑی نہیں کرتے ‘ سینئر وائس چیئرمین عرفان صادق تارڑ کی وفود سے گفتگو

اتوار 29 جون 2025 11:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2025ء)پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین عرفان صادق تارڑ نے کہا ہے کہ جعلساز وکلاء کے لئے زیرو ٹالرنس ہے ، ایسے عناصر معاشرے میں بیگاڑ پیدا کرنے کا باعث ہیں اس لئے ان کے خلاف سخت کریک ڈائون جاری رہے گا،ایسے عناصر کی سہولت کاری کرنے والوں کے خلاف بھی بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی ۔ان خیالات کا اظہارا نہوں نے مختلف اضلاع کی بارز کے نمائندہ وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل فاروق ڈوگر ،سیکرٹری رفاقت علی سوہل،سابق وائس چیئرمینز فرحان شہزاد،کامران بشیر مغل،چودھری بابر وحید،اکائونٹ آفیسر رانا محمد عمیر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔بارز کے نمائندگان نے پنجاب بار کے عہدیداروں کو اپنے مسائل سے بھی آگاہ کیا جنہیں فوری حل کرانے کی یقین دہانی کرائی گئی ۔

(جاری ہے)

وائس چیئرمین پنجاب بار عرفان صادق تارڑ نے کہا کہ بغیر ڈگری اور لائسنس کے وکالت کرنے والے انصاف کی فراہمی کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرتے ہیں جسے قطعی برداشت نہیں کیا جا سکتا ۔

پروفیشنل وکلا ء عدالتوں میں انصاف کے حصول کیلئے آنے والوں کی بھرپور ترجمانی کرتے ہیں جس سے انصاف کی فراہمی میں تیزی آتی ہے ۔پروفیشنل وکلاء کے پیش نظر صرف اور صرف انصاف کی فراہمی ہوتی ہے اس لئے وہ بار اور بنچ کے تعلقات میں رکاوٹیں کھڑی نہیں کرتے ۔انہوںنے کہا کہ پنجاب بارکونسل نے ہمیشہ انصاف اور میرٹ پر مبنی فیصلے کیے ہیں ،تمام کمیٹیاں ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دے رہی ہیں جس کی وجہ سے پنجاب بار کونسل میں زیر التوا ء کیسز نہ ہونے کے برابر ہیں ۔پنجاب بار کونسل کو پیپر لیس بنانے کے منصوبے پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے اور اس کی تکمیل سے وکلا ء کے لئے بہت آسانیاں پیدا ہوں گی ۔

متعلقہ عنوان :