نئے بیجوں کی تحقیق ، تجربات کے لئے 749ایکڑ اراضی فراہم کر دی گئی

پنجاب سیڈ کارپوریشن کو152،زرعی یونیورسٹی فیصل آبادکو326.5ایکڑ اراضی دی گئی ایوب ایگریکلچر ریسرچ سنٹر کو108ایکڑسٹریس ریسرچ ،162.5ایکڑ آئل سیڈزاورگندم کیلئیالاٹ کی گئی

اتوار 29 جون 2025 11:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2025ء)پنجاب سیڈ کارپوریشن،زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور ایوب ایگریکلچر ریسرچ سنٹر کو 749 ایکڑ زرعی اراضی کی الاٹمنٹ کیلئے منصوبے پر اتفاق کر لیا گیا۔مینیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن علی ارشد رانانے وزیر اعلی پنجاب مریم نوازشریف،چیف سیکرٹری اورسیکرٹری زراعت پنجاب سے اظہار تشکر اورتمام اسٹیک ہولڈرز کو مبارکباد دیتے ہوئے نئے بیجوں کی تحقیق اور تجربات کے لئے انتہائی اہم اقدام ہے جس سے زرعی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی اور کسان خوشحال ہوگا۔

دستاویزات کے مطابق سیکرٹری زراعت کی ہدایت پر 23 جون 2025 کوزرعی یونیورسٹی فیصل آباد، پنجاب سیڈ کارپوریشن اور ایوب ایگریکلچر ریسرچ سنٹر کو 749 ایکڑ زرعی اراضی کی عارضی الاٹمنٹ کو حتمی شکل دینے کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی اور 27جون 2025 کوڈائریکٹر زراعت توسیع فیصل آباد ڈویژن کی کنوینر شپ میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے آفس میںمذکورہ کمیٹی کااجلاس ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں تمام اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی اور مذکورہ زرعی زمین کی الاٹمنٹ کے منصوبے کے حوالے سے جاری نوٹیفکیشن میں درج ٹی او آرز پر تبادلہ خیال کیا۔ کمیٹی کے تمام اراکین نے اپنی مخصوص ضرورت کے مطابق زرعی زمین کی الاٹمنٹ کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں۔ تمام اسٹیک ہولڈرز نے تقسیم کے درج ذیل منصوبے پر اتفاق کیا۔منصوبے کے مطابق 749 ایکڑ زرعی اراضی میں سے پنجاب سیڈ کارپوریشن کو152ایکڑ،زرعی یونیورسٹی فیصل آبادکو326.5ایکڑ،ایوب ایگریکلچر ریسرچ سنٹر کو108ایکڑسٹریس ریسرچ کیلئے اور162.5ایکڑ آئل سیڈزاورگندم وغیرہ کیلئے کل 270.5ایکڑ زرعی زمین الاٹ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔