کمالیہ میں پیکٹا کے زیر اہتمام مرد و خواتین افسران کے لیے منعقدہ پروموشن لنکڈ ٹریننگ پروگرام اختتام پذیر ہو گیا

اتوار 29 جون 2025 16:20

کمالیہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2025ء)کمالیہ میں پیکٹا کے زیر اہتمام مرد و خواتین افسران کے لیے منعقدہ پروموشن لنکڈ ٹریننگ پروگرام کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی، جس میں ایک ماہ پر محیط پیشہ ورانہ ترقی کے تربیتی کورس کے کامیاب اختتام کا جشن منایا گیا۔تقریب کی صدارت پرنسپل فیض حسین نے کی جبکہ وائس پرنسپل محمد عمران گل اور ایجوکیشن آفیسر راشد اقبال نے تقریب کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

سینئر سٹاف ممبران معین الحق، امت الحفیظ اور ذکا اللہ مہمانانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئے ۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسول مقبول ﷺ سے ہوا۔ شرکا نے فکری تقاریر اور دلکش شاعری کے ذریعے تقریب کو یادگار بنا دیا۔ پریزائیڈنگ آفیسرز اور مہمانانِ گرامی نے اپنے خطابات میں تربیتی پروگرام کی افادیت کو سراہا اور شرکا کی کاوشوں کی حوصلہ افزائی کی۔تقریب کے اختتام پر پرنسپل اور وائس پرنسپل نے شرکا میں اسناد تقسیم کیں۔ شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پی ایل ٹی کے دوران حاصل کردہ علم و مہارت کو اپنے اپنے اداروں میں عملی طور پر نافذ کر کے مثبت تعلیمی تبدیلی کو یقینی بنائیں گے ۔