ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اجلاس ،محرم الحرام کے موقع پر امن و امان کے قیام اور سیکورٹی و انتظامی امور کا جائزہ

اتوار 29 جون 2025 16:50

ننکانہ صاحب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو کی زیرصدارت محرم الحرام کے موقع پر امن و امان کے قیام اور سیکورٹی و انتظامی امور کا جائزہ لینے کے سلسلہ میں اسسٹنٹ کمشنر آفس سانگلہ ہل میں تحصیل امن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقدہ ہوا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر سانگلہ ہل اسامہ امانت، ڈی ایس پی سانگلہ ہل، امن کمیٹی کے ممبران اور مختلف مکتبہ فکر کے علماء کرام نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام میں امن وامان کے قیام کیلئے تمام مسالک کے علماء کرام اپنا بھرپور کردار ادا کریں، ایک دوسرے کے مابین باہمی بھائی چارہ اور مذہبی ہم آہنگی کی فضاء کو فروغ دیں۔ انھوں نے کہا کہ عشرہ محرم کے دوران تمام مسالک کے علماء کرام ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد پر یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر نے تحصیل کے جلوسوں اور مجالس کے انتظامی امور جبکہ ڈی ایس پی نے سیکورٹی کے فول پروف اقدامات سے متعلق بریفنگ دی۔ اجلاس میں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور ممبران امن کمیٹی کی جانب سے عاشورہ محرم کے موقع پرضلعی انتظامیہ کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے انجمن تاجران اور جلوس منتظمین کے مسائل سنے اور فریقین کا مسئلہ باہمی رضا مندی سے حل کروایا۔

انجمن تاجران، جلوس منتظمین اور شہریوں نے سنجیدہ مسئلے کو فوری حل کرنے پر ڈپٹی کمشنر کو خراج تحسین پیش کیا۔ڈپٹی کمشنر نے جلوس منتظمین اور انجمن تاجران کے ہمراہ جلوس کے روٹ کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے اسسٹنٹ کمشنر اسامہ امانت اور سی او ایجوکیشن شازیہ بانو کے ہمراہ گورنمنٹ ٹیکنکل ہائی سکول نمبر 1 کا دورہ کرکے سکول میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور تزئین و آرائش کے کاموں کو جلد مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے۔

ڈپٹی کمشنر کو محکمہ ہائی وے کی جانب سے سانگلہ ہل تا فیصل آباد 06 کلو میٹر روڑ کی تعمیر مکمل ہونے پر بریفنگ دی گئی۔ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو کا تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سانگلہ ہل کا دورہ، ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں ڈاکٹرز و عملے کی حاضری، ادویات کے اسٹاک، صفائی ستھرائی سمیت ہسپتال میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا، ڈپٹی کمشنر نے مریضوں کی عیادت کی، مریضوں اور انکے لواحقین سے طبی سہولیات کی فراہمی بارے بھی دریافت کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ نئی بنائی جانے والی ایمرجنسی بلڈنگ کو محکمہ صحت کے ہینڈ اوور کیا جائے تاکہ مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام الناس کو طبی و معیاری سہولیات کی فراہمی کے خطیر رقم خرچ کر رہی ہے جس سے عام شہری مستفید ہو رہے ہیں۔ \378