ایس پی حب کی زیر صدارت ضلع کے تمام تھانوں کے تفتیشی افسران کا اجلاس

اتوار 29 جون 2025 19:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2025ء) ایس پی حب سید فاضل شاہ بخاری کی زیر صدارت ضلع میں مقدمات کی موثر تفتیش کے حوالہ سے تمام تھانوں کے تفتیشی افسران کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اتوار کو منعقدہ اجلاس میں زیرِ تفتیش مقدمات اور تفتیش کے مجموعی نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس کے دوران ایس پی حب نے تمام تفتیشی افسران کو ہدایت دی کہ مقدمات کی تفتیش کے عمل کو تیز تر اور شفاف بنایا جائے، شہادتوں کو مقررہ وقت میں اکٹھا کیا جائے تاکہ قانونی کارروائی متاثر نہ ہو، حاصل شدہ ثبوت، نمونے اور دیگر مواد کو متعلقہ فرانزک لیبارٹریز میں بروقت بھجوایا جائے اورتمام مقدمات کے چالان عدالت میں وقت پر جمع کرانے کو یقینی بنایا جائے۔

ایس پی حب نے واضح کیا کہ تفتیشی عمل میں تاخیر نہ صرف انصاف میں رکاوٹ بنتی ہے بلکہ محکمانہ ساکھ کو بھی متاثر کرتی ہے لہٰذا تمام افسران اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ذمہ داری سے فرائض سرانجام دیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایس پی حب نے بتایا کہ ضلع حب میں پہلی مرتبہ انویسٹی گیشن ٹیم کو دیگر امور سے علیحدہ کر کے صرف تفتیش پر مامور کیا جا رہا ہے تاکہ تفتیشی افسران مکمل توجہ کے ساتھ مقدمات کی تفتیش مکمل کر سکیں، اس اقدام سے مقدمات کے حل میں نمایاں بہتری اور شفافیت آئے گی۔

متعلقہ عنوان :