Live Updates

ح*گیس مہنگی کرنا عوام پر معاشی بم گرانے کے مترادف ہی: چوہدری ذوالفقار

م*زرعی معیشت بحران کا شکار، پیداواری لاگت میں اضافہ ناقابل برداشت ہوگا، اشفاق ورک

اتوار 29 جون 2025 21:00

1 لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 جون2025ء) مرکزی کسان لیگ کے چیئرمین چوہدری ذوالفقار علی اولکھ اور صدر اشفاق ورک نے آئی ایم ایف کے دباؤ پر گیس کی قیمتوں میں 50 فیصد تک اضافے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے پاکستانی عوام اور کسان طبقے پر ایک اور معاشی بم قرار دیا ہے۔ رہنماؤں نے اپنے شدید ردعمل میں کہا کہ پہلے ہی مہنگائی، بیروزگاری، اور ٹیکسوں کے بوجھ نے عوام کا جینا دوبھر کر رکھا ہے، ایسے میں گیس نرخوں میں ہوشربا اضافے کا فیصلہ سراسر ظلم اور معاشی دہشت گردی کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام، خصوصاً کسان، دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں، بجلی، پٹرول اور کھاد کی قیمتیں پہلے ہی ناقابلِ برداشت حدوں کو چھو رہی ہیں، اور اب گیس بلز نے عوام کے گھریلو بجٹ کو مکمل تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔

(جاری ہے)

مرکزی کسان لیگ کے قائدین نے کہا کہ حکومت نے سپر ٹیکس اور زرعی آمدنی ٹیکس کی صورت میں پہلے ہی کسانوں کی کمر توڑ دی ہے، اور اب گیس قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے ذریعے رہی سہی کسر بھی پوری کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی زرعی معیشت پہلے ہی شدید بحران کا شکار ہے۔ ایسے میں توانائی کے نرخوں میں اضافہ، بالواسطہ طور پر پیداواری لاگت بڑھا کر زرعی شعبے کو مکمل تباہی کی جانب دھکیل دے گا۔ رہنماؤں نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ ہوش کے ناخن لے، عوامی مشکلات کا ادراک کرے اور گیس نرخوں میں مجوزہ اضافہ فی الفور واپس لے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات