عشرہ محرم الحرام کے تیسرے روز لاہور سمیت صوبہ بھر میں پنجاب پولیس کے سخت سکیورٹی انتظامات

اتوار 29 جون 2025 21:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2025ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر عشرہ محرم الحرام کے تیسرے روز لاہور سمیت صوبہ بھر میں پنجاب پولیس کے سخت سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ3محرم الحرام کو لاہور سمیت صوبہ بھر میں 30ہزار سے زائد افسران و اہلکار وں نے جلوسوں اور مجالس کے سکیورٹی فرائض سر انجام دئیے۔

محرم الحرام کے دوسرے روز صوبائی دارالحکومت میں 2900سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور کیے گئے۔صوبہ بھر میں 136عزاداری جلوس اور 3659مجالس منعقد ہوئیں۔ لاہور میں 3محرم کی مناسبت سے 15عزاداری جلوس برآمد ہوئے اور 395مجالس منعقد ہوئیں۔ صوبہ بھر میں مجالس اور عزاداری جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات میں 15ہزار سے زائد کمیونٹی رضا کار وں نے معاونت فراہم کی۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب نے کہا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔حکومت پنجاب کی طرف سے نافذ دفعہ 144پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، نفرت آمیز مواد کی تشہیر اور اشتعال انگیزی پر پابندی ہے۔طے شدہ روٹس اور مقامات کے علاوہ کسی بھی جگہ جلوس اور مجالس کی اجازت نہیں۔

سیف سٹیز اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے کیمروں کی مدد سے تمام سرگرمیوں کی مکمل مانیٹرنگ کی جاری ہے۔ سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، ٹریفک پولیس، ڈولفن سکواڈ اور پیرو سمیت دیگر فیلڈ فارمیشنز محرم سکیورٹی پر تعینات ہیں۔ ڈاکٹر عثمان انورنے افسران کو ہدایت کی کہ لاوڈ سپیکر ایکٹ کی پاسداری پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کی تشہیر کے مرتکب قانون شکن عناصر کی سرکوبی یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں قائم کنٹرول رومز سنٹرل پولیس آفس کے مرکزی کنٹرول روم سے منسلک اور ہمہ وقت رابطہ میں ہیں۔