صوبائی وزیر میر علی حسن زہری کا حب کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ،نکاسی آب کیلئے ہنگامی بنیادوں پراقدامات کرنے کی ہدایت

اتوار 29 جون 2025 22:50

حب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2025ء) صوبائی وزیر زراعت میر علی حسن زہری نے بارشوں کے بعد صنعتی شہر حب کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا ،انہوں نے مختلف یونین کونسل میں صفائی ستھرائی اور نکاسی آب سے متعلق انتظامات کا جائزہ لیا اورضلعی انتظامیہ حب اور مونسپل کارپوریشن کو مختلف علاقوں میں نکاسی آب کے کام میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔

صوبائی وزیرمیر علی حسن زہری حب پہنچے، جہاں انہوں نے مون سون بارشوں کے بعد حب شہر میں پیدا ہونے والی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا ،اس موقع پر میر علی حسن زہری نے بیروٹ نالے کا بھی معائنہ کیا، جہاں انہوں نے صفائی کے جاری کام کو مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ چیف آفیسر اور چیئرمین میونسپل کارپوریشن حب کام میں مزید تیزی لائیں تاکہ عوام کو کسی قسم کی دقت کا سامنانہ کرنا پڑے، انہوں نے واضح کیا کہ بیروٹ نالے کی صفائی ہر صورت مکمل کی جائے تاکہ آئندہ بارشوں کے دوران شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ ہو اور پانی کی نکاسی بروقت ممکن ہو سکے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے موقع پر موجود افسران کو ہدایت کی کہ جہاں جہاں بارش کا پانی جمع ہے وہاں فوری نکاسی کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں ،انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اس لیے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔میر علی حسن زہری نے یہ بھی اعلان کیا کہ پی ڈی ایم اے سے مزید ہیوی مشینری اور نکاسی آب کا سامان طلب کیا جا رہا ہے تاکہ تمام متاثرہ علاقوں میں فوری ریلیف ممکن ہو ،انہوں نے کہا کہ بلدیاتی عملہ فیلڈ میں موجود رہے اور شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے ،دورے کے دوران مقامی مکینوں نے صوبائی وزیر کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا جن میں نکاسی آب ،سیوریج نظام کی خرابی اور بارشی پانی کے گھروں میں داخل ہونے کی شکایات شامل تھیں ،صوبائی وزیر نے تمام شکایات کو سنجیدگی سے نوٹ کیا اور موقع پر ہی متعلقہ حکام کو فوری حل کی ہدایات دیں ۔

صوبائی وزیر میر علی حسن زہری کا کہنا تھا کہ حب جیسے صنعتی اور گنجان آباد شہر کی حالت بہتر بنانا ہماری ذمہ داری ہے ،حکومت بلوچستان تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کر عوام کو ریلیف فراہم کرے گی اور بلدیاتی اداروں کو بھی مزید متحرک کیا جائے گا۔