فاروق اعظم کا دور خلافت مسلمان حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہے، علی رضا قادری الاشرفی

فاروق اعظم نے فوج،پولیس اور جیل خانہ سمیت متعدد شعبے قائم کئے، یوم شہادت کی خصوصی محفل میں خطاب

پیر 30 جون 2025 11:45

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء)انجمن میلاد مصطفے کے زیر اہتمام تاجدار عدل وحریت سیدنا عمرفاروق اعظم کے یوم شہادت کے حوالے سے جامعہ مسجد تالاب والی میں خصوصی محفل کا اہتمام کیا گیا،جس کی صدارت محمد ضیا المصطفی رضوی نے کی،جبکہ علامہ مولانا محمد علی رضا قادری الاشرفی نے خصوصی خطاب کیا،محفل میں حاجی محمد امین حبیبی،خلیفہ شیخ محمد ندیم احمد رضوی،حاجی مرزا محمد نواز،حافظ محمد سعد،حافظ محمد ریاض،شیخ محمد عمان،ڈاکٹر شہباز احمد رضوی،محمد شاہد رضوی سمیت عاشقان مصطفے کی کثیر تعداد نے شرکت کی، مولانا محمد علی رضا قادری نے کہا ہے کہ حضرت عمر فاروق اعظم کا دور خلافت عدل وانصاف،معاشی مساوات، احتساب اور اسلامی فتوحات کے اعتبار سے مسلمان حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہے، سیدنا حضرت عمر فاروق اعظم نے اپنے دور خلافت میں فوج،پولیس اور جیل خانہ سمیت متعدد شعبے قائم کئے، سن ہجری اور مردم شماری کے ساتھ ساتھ قرآن مجید اور حدیث و فقہ کی تعلیم کیلئے دینی مدارس اور اساتذہ کی تنخواہیں اور غریبوں کیلئے وظائف کا اجرا کیا، آپ کے دور خلافت میں 22ہزار مربع میل کا علاقہ اسلامی سلطنت میں شامل ہوا، آپ کی سفارت کاری،علم الانساب،سپاہ گری،عسکری امور اور فن خطابت میں مکمل مہارت حاصل تھی،پیر محمد ضیا المصطفی رضوی نے کہا کہ امیرالمومنین امام عادل وراشد،تاجدار عدل وحریت سیدنا حضرت عمر فاروق عظم تاریخ اسلام میں عظیم الشان شان اور مرتبے کے حامل ہیں، آپ کو مراد رسول اس لئے کہا جاتا ہے کہ آپ حضور سرور کائنات کی دعاں کا ثمر ہیں،انہوں نے کہا کہ آپ کی فتوحات اور کارنامے اسلامی تاریخ کا روشن باب ہیں، آپ کی اولیات اور اصلاحات میں بیت الما ل،فوجی چھانیاں،مہمان خانے، مساجد میں روشنی کا انتظام، عدالتوں کا قیام، مساجد میں وعظ کا طریقہ،رضا کاروں کی تنخواہیں مقرر کیں، مفتوحہ ممالک کو صوبوں میں تقسیم کیا،بے سہارا بچوں کیلئے وظائف اور مساجد کے آئمہ اور موذن کی تنخواہیں مقرر کیں۔