گیس صارفین کیلئے قیمتوں میں اضافے کا اطلاق (آج ) سے ہوگا

گھریلو صارفین کیلئے قیمت 200 تا 4200روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کے لئے گیس کے نرخ 200 سے 350 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہو گی

پیر 30 جون 2025 12:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء)گیس صارفین کے لئے قیمتوں میں اضافے کا اطلاق آج ( منگل) سے ہوگا ۔نوٹی فکیشن کے مطابق گھریلو صارفین کے لئے گیس کی قیمت 200 تا 4200روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے، پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کے لئے گیس کے نرخ 200سے 350روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کیے گئے ہیں۔اسی طرح نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کے لئے گیس کے نرخ 500سے 4200روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہوں گے۔

اس کے علاوہ پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین پر ماہانہ 600 روپے فکسڈ چارجز، نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کے لئے ماہانہ 1500روپے فکسڈ چارجز کا بھی آج سے اطلاق ہوگا۔1.5میٹر سے زائد گیس استعمال کرنے والے نان پروٹکیٹڈ صارفین پر3 ہزار روپے فکسڈ چارجز ہوں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری،سیمی گورنمنٹ،ہسپتال،تعلیمی اداروں کے لئے گیس کے نرخ 3ہزار175 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

روٹی کے تندروں کے لئے گیس کے نرخ 110روپے سے 700روپے تک فی ایم ایم بی ٹی یو، کمرشل صارفین کے لئے نرخ 3900روپے فی ایم ایم بی ٹی یو، جنرل انڈسٹری کے لئے نرخ 2300روپے فی ایم ایم بی ٹی یو نرخ مقرر ہوں گے۔اس کے علاوہ کیپٹو پاور کے لئے گیس کے نرخ 3500روپے فی ایم ایم بی ٹی یو، سی این جی کے لئی3750،سیمیٹ فیکٹریوں کے لئی4400روپے فی ایم ایم بی ٹی یو، کھاد فیکٹریوں کے لئے ایک ہزار597 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کیے گئے ہیں۔اس کے علاوہ کے الیکٹرک سمیت تمام بجلی گھروں کے لئی1225روپے فی ایم ایم بی ٹی مقرر کیے گئے ہیں جن کا اطلاق آج سے ہوگا۔