وزیراعظم نے اسلام آباد کو پائلٹ اسمارٹ سٹی بنانے کی ہدایت دی ہے ، شزہ فاطمہ

ٹیلی میڈیسن کے ذریعے تمام بی ایچ یوز میں انٹرنیٹ پہنچایا جائے گا، آن لائن ماہرین سے مشاورت کی سہولت ہر جگہ فراہم کریں گے، وفاقی وزیر

پیر 30 جون 2025 15:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء)وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ نے کہاہے کہ وزیراعظم نے اسلام آباد کو پائلٹ اسمارٹ سٹی بنانے کی ہدایت دی۔ جاری اعلامیہ کے مطابق شزہ فاطمہ نے کہاکہ وزارت نے اسلام آباد کے تمام پبلک اسکولز، بی ایچ یوز اور ہیلتھ سیکٹرز کو فائبر فراہم کرنے کی فنڈنگ کر دی۔ انہوںنے کہاکہ اگلے چھ سے آٹھ ماہ میں ہسپتال، اسکولز اور پولیس اسٹیشن فائبرائز ہو جائیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ مفت عوامی وائی فائی کیلئے مخصوص مقامات کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ میٹرو بس اور عوامی مقامات پر وائی فائی کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سے کام ہو رہا ہے، وزارت تعلیم ہمارے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے۔شزہ فاطمہ نے کہاکہ دور دراز علاقوں میں ایڈ ٹیک کے ذریعے تعلیمی سہولت فراہم کریں گے، اے آئی اور ایمرجنگ ٹیکنالوجیز کو چھٹی جماعت سے شروع کر کے کنڈرگارٹن تک لے جائیں گے۔

(جاری ہے)

شزہ فاطمہ نے کہاکہ وزیراعظم چاہتے ہیں کہ اسلام آباد کا ہر بچہ تعلیم حاصل کرے، یہی منصوبہ گلگت بلتستان اور دور دراز علاقوں تک پہنچانا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ٹیکنالوجی کے ذریعے ریموٹ اسکولز میں بھی تعلیم ممکن بنائیں گے، ہیلتھ منسٹر کے ساتھ مل کر ‘‘ون پیشنٹ، ون آئی ڈی’’ پر کام کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر آئی ٹی نے کہاکہ ٹیلی میڈیسن کے ذریعے تمام بی ایچ یوز میں انٹرنیٹ پہنچایا جائے گا، آن لائن ماہرین سے مشاورت کی سہولت ہر جگہ فراہم کریں گے۔

انہوںنے کہاکہ وزیراعظم نے نصاب میں آئی ٹی تعلیم شامل کرنے کے لیے کمیٹی قائم کی ۔ وفاقی وزیرنے کہاکہ ہدف ہے کہ پانچ لاکھ نوجوانوں کو جدید آئی ٹی اسکلز کی تربیت دی جائے ،دو لاکھ بچوں کو گوگل، تین لاکھ کو ہواوے اور دو لاکھ کو مائیکروسافٹ ٹریننگ دیگا۔وفاقی وزیر آئی ٹی نے کہاکہ بچے، بچیاں پرائمری سطح پر اے آئی سیکھ کر آگے بڑھیں گے ۔ شزہ فاطمہ نے کہاکہ ملکی آئی ٹی افرادی قوت کو عالمی معیار کے مطابق تیار کرنے کے لیے مربوط اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔