ضلعی انتظامیہ لاہور کے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے عملی اقدامات جاری

پیر 30 جون 2025 15:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) ضلعی انتظامیہ لاہور کی جانب سے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں متحرک ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کا دورہ کیا جا رہا ہے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق سیب، کیلا، آم، آلو، گوبھی اور مٹر کی قیمتیں مستحکم ہیں جبکہ کھیرا، لیموں اور ادرک کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور نے واضح کیا ہے کہ ناجائز منافع خوری کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور سرکاری نرخنامہ پر سختی سے عملدرآمد کروایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ مصنوعی مہنگائی کا سدباب کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوامی ریلیف کے لیے ضلعی مشینری پوری طرح متحرک ہے اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کو ناجائز قیمتوں یا ذخیرہ اندوزی کی شکایت ہو تو وہ کنٹرول روم نمبر 03070002345 پر فوری رابطہ کریں۔ علاوہ ازیں شہری سوشل میڈیا کے ذریعے بھی ضلعی انتظامیہ لاہور سے رابطہ کر سکتے ہیں۔