عوام کو ریلیف اور صوبے کی ترقی اولین ترجیح ہے، سید ناصرحسین شاہ

منگل 7 اکتوبر 2025 20:52

عوام کو ریلیف اور صوبے کی ترقی اولین ترجیح ہے، سید ناصرحسین شاہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2025ء) وزیر بلدیات و ہاسنگ، ٹان پلاننگ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو کے وژن اور وزیراعلی سندھ کی ہدایت کے مطابق صوبے کی ترقی اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج اپنے دفتر سندھ سیکریٹریٹ میں ملاقات کیلئے آنے والے میئر حیدرآباد کاشف شورو کے ساتھ ایک اجلاس کے موقع پر کیا۔

اس موقع پر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ میئر حیدرآباد سید ناصر حسین شاہ کو حیدرآباد میں بلدیاتی امور کے حوالے سے درپیش مسائل کے حوالے سے بتایا۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ کئی یوسی چیئرمنز عوامی مسائل اور ترقیاتی کاموں کے حوالے سے سست روی اور لاپرواہی کا مظاہرہ کررہے ہیں جن کی وجہ سے ناصرف عوام کو ریلیف دینے بلکہ ترقیاتی اسکیموں میں بھی رکاوٹوں کا سامنہ ہے۔

(جاری ہے)

وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے اس موقع پر کہا کہ چونکہ ہم عوامی نمائندے ہیں اور مسائل کے حل کے حوالے سے عوام کیلئے امید کی کرن کی حیثیت رکھتے ہیں لہذہ عوامی مسائل کا حل اولین ترجیح ہے۔ صوبے کے انفرااسٹرکچر کو بہتر بناکر اور عوام کی مشکلات دور کرکے ہم اپنے صوبے اور عوام اور خاص طور پر اپنے ووٹرز کی بہترین خدمت کرسکتے ہیں اور چیئرمین بلاول بھٹو اور وزیراعلی سندھ کی ہدایت پر عوام کی بلاتفریق خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور چیئرمین کے وژن کی تکمیل کرسکتے ہیں۔

وزیر بلدیات نے کہا کہ کام نہ کرنے والے منتخب نمائندے خاص طور پر یوسی چیئرمنز کے خلاف سخت اقدامات کئے جائیں گے۔ لہذہ تمام بلدیات متعلقین کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ خلوص نیت کے ساتھ عوامی مسائل حل کرائیں اور ترقیاتی امور کی سختی سے نگرانی کرتے ہوئے شفافیت کے ساتھ ترقیاتی اسکیموں کو دئے گئے ٹائیم فریم میں مکمل کروائیں۔ ناصر شاہ نے کہا کہ اس حوالے سے اگر بلدیاتی افسران رکاوٹ ڈالیں یا کام نہ کریں کو اسکی اطلاع انھیں کی جائے۔ ہم کام کرانے والے یوسی چیئرمنوں کے ساتھ ہیں اور منتخب نمائندوں کو اس حوالے سے درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرائیں گے۔