گورنر خیبرپختونخوا سے سوات واقعہ میں سیاحوں کی جان بچانے والے مقامی نوجوانوں کی ملاقات

پیر 30 جون 2025 15:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے سوات واقعہ میں سیاحوں کی جان بچانے والے مقامی نوجوانوں نے ملاقات کی۔پیر کو گورنر آفس سے جاری بیان کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا نے محمد ہلال خان اور عصمت علی کو مصنوعی کشتی کے ذریعے سیاحوں کی جان بچانے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔گورنر نے دونوں نوجوانوں کی بہادری اور انسانی ہمدردی کے جذبہ کو سراہا ،گورنر نےدونوں نوجوانوں کو اپنی جانب سے عمرے پر بھیجنے کا اعلان کیا۔

گورنر نے دونوں نوجوانوں کو ان کی بہادری اور انسانی خدمت کے جذبہ پر تعارفی شیلڈ بھی پیش کی۔گورنر نے محمد ہلال خان اور عصمت علی کو سول ایوارڈ دینے کے لئے وزیراعظم کو سفارش بھجوانے کا بھی اعلان کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ بہادرمقامی نوجوانوں نے اپنی جان پر کھیل کر مصنوعی کشتی کے ذریعے سیاحوں کی جان بچائی،ان کی یہ بہادری اور انسانی امداد کا جذبہ قابل تعریف ہے۔

انہوں نے چیئرمین ہلال احمر کے سوات آفس کو ایمرجنسی خدمات کی فراہمی کے لئے مزید مستحکم کرنے کی ہدایت کی۔گورنر خیبرپختونخوا نے ہلال احمر سوات آفس کو دستیاب ایمبولینسز کے ساتھ کشتی لگانے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہلال احمر سوات ایمبولینسز کے ساتھ کشتی لگا کر ہنگامی صورتحال میں لوگوں کو بروقت ریسکیو کر سکتے ہیں۔