ایوبیہ میں تین روزہ لائف اسکلز سمر کیمپ کامیابی سے مکمل

پیر 30 جون 2025 16:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) کلچر لٹریچر آرٹس اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (کلاڈو) کا ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز خیبرپختونخوا کے تعاون سے ایوبیہ کی خوبصورت وادیوں میں تین روزہ لائف اسکلز سمر کیمپ کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جو 27 جون سے 29 جون 2025 تک جاری رہا۔ اس کیمپ میں خیبر پختونخوا کے نئے ضم شدہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے پُرجوش نوجوانوں نے شرکت کی، جنہیں فطرت سے بھرپور ماحول میں اپنی ذاتی و پیشہ ورانہ مہارتوں کو نکھارنے کا نایاب اور قیمتی موقع فراہم کیا گیا۔

یہ سمر کیمپ نوجوان تبدیلی لانے والوں (چینج میکرز) کی صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے کے لیے ترتیب دیا گیا تھا، جس میں مختلف انٹرایکٹو سیشنز اور ورکشاپس شامل تھیں۔ کیمپ میں ذہنی صحت و تندرستی، ماحولیاتی شعور، کاروباری صلاحیت اور اختراعی سوچ، پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز ) سے آگاہی پر خصوصی سیشنز منعقد کیے گئے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر یوتھ افیئرز خیبرپختونخوا ڈاکٹر نعمان مجاہد نے نوجوانوں کے جوش و جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز نئے ضم شدہ اضلاع کے نوجوانوں کے لیے ایسے مثبت اور بامقصد اقدامات کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھے گا، تاکہ انہیں قومی ترقی کے دھارے میں مؤثر کردار ادا کرنے کے مواقع میسر آ سکی. شرکاء نے گروہی سرگرمیوں، مکالماتی نشستوں اور عملی مشقوں میں بھرپور حصہ لیا، جن کا مقصد نوجوانوں کی خود اعتمادی، سماجی شعور اور مستقبل کی تیاری کو فروغ دینا تھا۔

ماہر ٹرینرز کی رہنمائی اور قدرتی ماحول کی موجودگی نے نوجوانوں کو نہ صرف سیکھنے کا موقع فراہم کیا بلکہ باہمی تعلقات مضبوط بنانے میں بھی مدد دی۔ سمر کیمپ کے منتظم اعلیٰ عبدالرحمٰن کا کہنا تھا کہ اس کیمپ کا بنیادی مقصد اُن علاقوں کے نوجوانوں کو بااختیار بنانا تھا جو ماضی میں نظر انداز ہوتے رہے ہیں، تاکہ وہ موجودہ دور کے چیلنجز سے بہتر طور پر نمٹ سکیں۔ کلاڈو آئندہ بھی نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں مثبت سماجی تبدیلی کے لیے تیار کرنے کے عزم کے ساتھ ایسے مواقع فراہم کرتا رہے گا. کیمپ کے اختتام پر شرکاء میں اسناد تقسیم کیں گئیں۔

متعلقہ عنوان :