سندھ حکومت کا تعلیمی بورڈز میں آٹومیشن اور ای مارکنگ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ

تعلیمی بورڈز میں جاری منصوبے مکمل کیے جائیں گے اور صوبے سے کاپی کلچر کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں،اسماعیل راہو

اتوار 5 اکتوبر 2025 19:05

سندھ حکومت کا تعلیمی بورڈز میں آٹومیشن اور ای مارکنگ سسٹم متعارف کرانے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2025ء)وزیر جامعات و تعلیمی بورڈز سندھ محمد اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ سندھ حکومت صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز میں آٹومیشن اور ای مارکنگ سسٹم متعارف کرانے جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی بورڈز میں جاری منصوبے مکمل کیے جائیں گے، بورڈز کو بہتر بنایا جائے گا، اور صوبے سے کاپی کلچر کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اسماعیل راہو نے کہا کہ سندھ حکومت نے میرٹ پر لاکھوں اساتذہ بھرتی کیے ہیں، صوبے میں جامعات کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے تاکہ نوجوان نسل کو تعلیم کے زیادہ مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر ہم ان کی خدمات کو سلام پیش کرتے ہیں، کیونکہ اساتذہ ہی معاشرے کی بنیاد کو مضبوط بناتے ہیں. محمد اسماعیل راہو نے مزید کہا کہ تعلیمی اصلاحات کے عمل میں سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ صوبے میں تعلیم کا معیار مزید بہتر ہو سکے۔

(جاری ہے)

آل سندھ پرائیویٹ اسکولز و کالجز تنظیم کی جانب سے "ورلڈ ٹیچرز ڈی" اور امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کے اعزاز میں یہ پروقار تقریب بحریہ آڈیٹوریم کارساز کراچی میں منعقد ہوئی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیر جامعات و تعلیمی بورڈز محمد اسماعیل راہو تھے، جبکہ میئر کراچی مرتضی وہاب، رکن صوبائی اسمبلی سیدہ ماروی راشدی، ایڈیشنل ڈائریکٹر رفیعہ ملاح، مختلف تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی.تقریب میں 100 سے زائد نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو اعزازات سے نوازا گیا، جبکہ اساتذہ کو بھی شیلڈز پیش کی گئیں۔

تقریب کے دوران اساتذہ کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور تعلیم کے فروغ میں ان کی خدمات کو سراہا گیا. میئر کراچی مرتضی وہاب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ نے تعلیم کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نیکہا کہ میں تمام اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، کیونکہ ہمارا مستقبل سنوارنے میں اساتذہ کا کردار انتہائی اہم ہے۔