yراولپنڈی ‘مسجد کی خطیر رقم ہضم کرنے والے ملزم کی ضمانت خارج

& ملزم کسی رعایت کا مستحق نہ ہے بلکہ اسکو عبرت کا نشان بنایا جائے‘وکیل مسجد انتظامیہ کا موقف

پیر 30 جون 2025 18:05

Iراولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جون2025ء) سول جج جوڈیشل مجسٹریٹ راولپنڈی احسن رضا نے مسجد کی خطیر رقم ہضم کرنے والے ملزم کی ضمانت خارج کردی ہائی کورٹ کے حکم پر گرفتاری کے بعد ملزم نے ضمانت کی درخواست دائر کی گزشتہ روز سماعت کے موقع پر مسجد انتظامیہ کے وکیل سید تقی شاہ کاظمی ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ ملزم انتہائی تیز طراراور بے حس ہے جو اللہ کے گھر کی رقم بھی بڑی دلیری سے ہضم کرنے پہ تلا ہوا ہے جبکہ اس نے مسجد میں بیٹھ کر جرگہ کی موجودگی میں چیک دیا اور تحریری معاہدہ کیا کہ واقعی میں نے مسجد کے چھت کی تعمیر کیلئے سریا مہیا کرنے کیلئے 20 لاکھ روپے وصول کئے تھے اور میں اس میں ناکام رہا لہٰذا یہ 20 لاکھ روپے کا چیک دیتا ہوں جو کیش کروا لیا جائے ملزم کسی رعایت کا مستحق نہ ہے بلکہ اسکو عبرت کا نشان بنایا جائے عدالت نے مسجد انتظامیہ کے وکیل سید تقی شاہ کاظمی کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے ملزم کی ضمانت خارج کردی موضع کوھالہ چکری روڈ پر واقع جامع مسجد فاطمة الزہرا کے متولی سید شہاب الدین بلتستانی نے تھانہ دھمیال راولپنڈی میں دی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ اس نے مسجد کی چھت ڈالنے کیلئے سریا کی مد میں مسجد کمیٹی کے اراکین کے روبرو 20 لاکھ روپے موضع رنیال کے رہائشی طارق محمود کو نقد دئیے اس نے دو دنوں میں فیکٹری سے تازہ سریا مہیا کرنے کا وعدہ کیا کافی عرصہ گزرنے کے باوجود ملزم ٹال مٹول سے کام لیتا رہا۔

(جاری ہے)

۔مسجد کمیٹی نے دوبارہ سے چندہ جمع کرکے مسجد کی چھت تعمیر کی لیکن ملزم نے کئی تحریری معاہدے کیے کہ وہ رقم واپس کرے گا لیکن وہ یہ معاہدے صرف وقت لینے اور معاملے کو دیوانی رنگ دینے کیلئے کرتا رہا بلااخر اس نے 20 لاکھ روپے کا چیک مسجد انتظامیہ کو دیا لیکن بدقسمتی سے جب وہ متعلقہ بینک میں پیش کیا گیا تو وہ اکاونٹ میں رقم نہ ہونے کی وجہ سے ڈس انر ہوگیا جس پرمسجد کے متولی شہاب الدین نے اندراج مقدمہ کیلئے درخواست دی لیکن ملزم نے پولیس سے ملی بھگت کرلی اور پولیس کئی ماہ تک معاملے کو لٹکاتی رہی جس پر مدعی نے عدالت سے رجوع کیا اور سیشن کورٹ راولپنڈی نے پولیس کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ملزم نے سیشن کورٹ کے مقدمہ درج کرنے کے حکم کو ہائی کورٹ میں رٹ کے ذریعے چیلنج کردیا ہائی کورٹ نے رٹ خارج کرتے ہوئے پولیس کو فوری مقدمہ درج کرنے اور ملزم گرفتار کرنے کا حکم دیا۔