نوتعینات ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ محمد وقاص خان نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا

پیر 30 جون 2025 18:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) نوتعینات ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ محمد وقاص خان نے اپنے عہدے کا باضابطہ طور پر چارج سنبھال لیا۔ ان کی چارسدہ آمد پر پولیس ہیڈکوارٹرز میں پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ تقریب کے موقع پر ایس پی انوسٹی گیشن چارسدہ سجاد احمد اور دیگر سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے۔

ڈی پی او محمد وقاص خان نے پولیس ہیڈکوارٹرز میں قائم یادگار شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ نئے ڈی پی او چارسدہ نے چارج سنبھالنے کے بعد پولیس ہیڈکوارٹرز میں انوسٹی گیشن یونٹ اور آپریشن یونٹ کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے متعلقہ افسران سے بریفنگ لی اور جاری امور کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

ڈی پی او محمد وقاص خان نے ہیڈکوارٹرز میں موجود سائلین سے ملاقات بھی کی، ان کے مسائل سنے اور فوری حل کے لیے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں۔ عوامی خدمت اور انصاف کی فراہمی کو ترجیح دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، پیشہ ورانہ رویہ اور فوری ردعمل پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر ڈی پی او چارسدہ نے سرکل ایس ڈی پی اوز کے ساتھ تعارفی بھی میٹنگ کی۔

انہوں نے افسران کو ہدایات جاری کیں کہ تھانہ جات میں آنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، شائستگی اور انصاف پر مبنی رویہ اپنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ غریب اور مظلوم افراد کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر سنا جائے اور ان کے مسائل کا فوری اور میرٹ پر حل یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایف آئی آر کے اندراج میں کسی قسم کی تاخیر یا رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام مقدمات کا اندراج خالصتاً میرٹ پر ہوگا۔

ڈی پی او نے واضح کیا کہ شہریوں کو شکایت کا موقع نہ ملے۔ میٹنگ میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے، مخبر سسٹم کو فعال کرنے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔ ڈی پی او چارسدہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلع چارسدہ میں قانون کی بالادستی اور عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔

پولیس کی جانب سے محرم الحرام کے بابرکت مہینے کے موقع پر پولیس ہیڈکوارٹرز چارسدہ میں روحانی اور دینی فضا قائم کرنے کے لیے ختم القرآن پاک کی بابرکت محفل منعقد کی گئی،جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ محمد وقاص خان نے شرکت کی۔ ختم القرآن میں ملکی سلامتی، امن و امان کے قیام، پولیس اہلکاروں کی کامیابی و حفاظت اور محرم الحرام کے احترام میں خصوصی دعائیں کی گئیں۔