کے ایم سی نے شہر بھر میں سڑکوں سے پارکنگ فیس ختم کردی

106 مرکزی سڑکوں پر 46 پارکنگ سائیڈز ہیں جہاں اب فیس نہیں لی جائے گی، صرف چاردیواری والی پارکنگ چارجڈ ہوگی، میئر

پیر 30 جون 2025 21:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء)میئر کراچی مرتضی وہاب نے بلدیہ عظمی کراچی کی حدود میں واقع سڑکوں پر منگل سے چارجڈ پارکنگ ختم کردی، کے ایم سی کی تمام پارکنگ سائٹس پر آج(منگل)سے پارکنگ بالکل مفت ہوگی صرف چند ایسے مقامات ہے جو چاردیواری میں ہیں وہاں پارکنگ فیس وصول کی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق مئیر مرتضی وہاب نے رواں سال فروری میں کے ایم سی کی حدود میں شہریوں کے لیے پارکنگ مفت کرنے کا اعلان کیا تھا۔

مئیرکراچی نے کہا کہ پارکنگ فیس ختم کرنے کا فیصلہ عوامی مفاد میں کیا گیا ہے تاکہ پارکنگ فیس کا بوجھ شہریوں سے ہٹایا جائے۔مئیر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی کو 4 سے 5 کروڑ روپے پارکنگ فیس کی مد میں ملتے تھے تاہم اب پارکنگ فیس کی ضرورت نہیں کے ایم سی مالی طورپر مستحکم ہے اور اپنے پائوں پر کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

مئیر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمی کراچی کی حدود میں 106 مرکزی سڑکوں پر میں 46 پارکنگ سائیڈز ہیں جہاں پارکنگ فیس مکمل طور پر ختم کردی گئی ہے۔

مرتضی وہاب نے کہا کہ ہم نے چارجڈ پارکنگ عملے، ڈپٹی کمشنرز اور ٹریفک پولیس کو مطلع کردیا ہے کہ کے ایم سی کی مرکزی سڑکوں پر کوئی پارکنگ فیس وصول نہ کرے جبکہ چاردیواری میں جو پارکنگ ہے جن میں بارہ دری، ڈولمین سینٹر، سفاری پارک، چڑیاگھر اور جو چند پارکنگ ایریا ہے وہاں پارکنگ فیس وصول کی جا ئے گی۔مرتضی وہاب نے کہا کہ کے ایم سی کی حدود میں اگر کسی نے پارکنگ کی فیس وصول کی تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، شہریوں کو سہولت دینا ہماری اولین ترجیح ہے۔میئر کراچی نے مزید کہا کہ 6 کنٹونمنٹ بورڈز میں پارکنگ فیس کے حوالے سے فیصلہ نہیں ہوسکا۔