نیو کراچی ٹاؤن میں رین ایمر جنسی نالہ صفائی ہنگامی بنیادوں پر جاری

چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کا مختلف علاقوں کا ہنگامی دورہ،برساتی نالوں کی صفائی کے ساتھ جلوسوں کی گزرگاہیں کلیئر کرانے کے احکامات جاری

پیر 30 جون 2025 21:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء)نیو کراچی ٹاؤن میں رین ایمر جنسی نالہ صفائی ہنگامی بنیادوں پر جاری۔حالیہ بارشوںکے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے نیو کراچی ٹاؤن کے مختلف علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر، وائس چیئرمین یوسی نائن حنظلہ انور قریشی ،محکمہ بی اینڈ آر کے افسرفیصل صغیرو دیگر ٹاؤن افسران بھی موجود تھے۔

چیئرمین محمد یوسف نے بارش کے پانی کی نکاسی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ نالوں میں کچرے اور پانی کی رکاوٹ کو دیکھ کر فوری طور پر صفائی ستھرائی کے احکامات جاری کیے اور اپنی نگرانی میں نالوں کی صفائی کا کام مکمل کرایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مین روڈز، جلوسوں کی گزرگاہوں اور امام بارگاہوں کے اطراف خصوصی صفائی کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام اہم راستے جلوسوں سے قبل مکمل طور پر کلیئر کرائے جائیں تاکہ عوام اور عزاداران کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔

دورے کے دوران چیئرمین محمد یوسف کو مقامی شہریوں اور علاقہ مکینوں نے بارش کے بعد گلی محلوں میں پانی جمع ہونے، سڑکوں پر کیچڑ اور نالوں کی بندش کی شکایات بھی کیں۔ جس پر چیئرمین نے موقع پر موجود عملے کو ہدایت دی کہ گلی محلوں اور نشیبی علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر پانی نکالا جائے اور فوری طور پر صفائی کا انتظام کیا جائے۔انہوں نے امام بارگاہوں اور مساجد کے اطراف صفائی اور اسپرے مہم شروع کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں تاکہ بارش کے بعد پیدا ہونے والی بیماریوں کا سدباب کیا جا سکے۔

چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ عوام کی خدمت اور مسائل کا فوری حل ان کی اولین ترجیح ہے اور نیو کراچی ٹاؤن انتظامیہ عوام کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنے کے لئے اقدامات کررہی ہے ۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ صفائی مہم میں انتظامیہ کا ساتھ دیں اور بارش کے پانی کی نکاسی میں رکاوٹ بننے والے کچرے اور اشیاء کو نالوں میں نہ پھینکیں۔علاقہ مکینوں نے چیئرمین محمد یوسف کے ہنگامی دورے اور نکاسی آب کے کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :