طالبہ عائشہ زہرہ نے مکمل فنڈڈ بین الاقوامی اسکالرشپ حاصل کرنے والی یونیورسٹی کی پہلی طالبہ ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا

پیر 30 جون 2025 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) نیشنل سکلز یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ سول انجینئرنگ ٹیکنالوجی کی فائنل ایئر کی طالبہ عائشہ زہرہ نے گریجویٹ ڈگری مکمل کرنے سے قبل ہی مکمل فنڈڈ بین الاقوامی اسکالرشپ حاصل کرنے والی یونیورسٹی کی پہلی طالبہ ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ یہ کامیابی طالبہ کی ذاتی محنت اور پوری یونیورسٹی کمیونٹی اور قوم کے لیے قابل فخر ہے۔

(جاری ہے)

عائشہ زہرہ کو عالمی سطح کی چین کی معروف ژجیانگ یونیورسٹی میں سول انجینئرنگ میں ماسٹرز کرنے کیلئے چینی حکومت نے سکالرشپ سے نوازا ہے۔ ژجیانگ یونیورسٹی اس وقت کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ 2025 میں 49 ویں نمبر پر ہے۔ نیشنل سکلز یونیورسٹی اسلام آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مختار نے کہا کہ یہ صرف عائشہ کی کامیابی نہیں، یہ پاکستان کی کامیابی ہے۔ ہم نے اس یونیورسٹی کا تصور ایک ایسی جگہ کے طور پر کیا تھا جہاں تعلیم براہ راست مواقع میں بدل جائے گی۔ آج، ہم اس وژن کو کامیاب ہوتے دیکھ رہے ہیں۔