رحیم یارخان ،ریسکیو 1122 نے 25 فٹ گہرے کنویں سے سالہ بچے کو بحفاظت نکال لیا

منگل 1 جولائی 2025 13:28

رحیم یارخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) صادق آباد کے نواحی علاقے بھونگ کے قریب واقع اڈا اقبال آباد میں ایک سات سالہ بچہ کھیل کے دوران 25 فٹ گہرے کنویں میں گر گیا۔ ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بچے کو زندہ حالت میں نکال لیا۔ریسکیو 1122 کے مطابق یہ بور پانی کے لیے ٹیوب ویل کے نئے کنویں کی کھدائی کے دوران تیار کیا گیا تھا، جہاں بچہ کھیلتے ہوئے جا گرا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی بھونگ اور صادق آباد سے ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور حکمت عملی کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ بچہ تقریباً 20 فٹ گہرائی میں پھنس چکا تھا۔ ابتدائی مراحل میں ہی بچے کو ریسکیو آلات اور لائف لائن کی مدد سے محفوظ کر لیا گیا، جبکہ بور میں آکسیجن کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے گئے۔

(جاری ہے)

دوسرے مرحلے میں ریسکیو اہلکاروں نے اوپر سے اور اطراف سے سرنگ نما کھدائی کا آغاز کیا۔ کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد تربیت یافتہ اہلکاروں نے سائیڈ سرنگ کے ذریعے بچے کو زندہ اور بحفاظت نکالنے میں کامیابی حاصل کر لی۔بچے کو ریسکیو کرنے کے اس کامیاب آپریشن پر اہل علاقہ نے ریسکیو 1122 کی پیشہ ورانہ مہارت، بروقت رسپانس اور جذبہ انسانیت کو سراہا اور ان کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ریسکیو 1122 کے مطابق بچہ خیریت سے ہے اور اسے فوری طبی معائنے کے لیے قریبی مرکز صحت منتقل کر دیا گیا ہے۔\378

متعلقہ عنوان :