Live Updates

چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پیسک ہائوس میں اہم اجلاس

منگل 1 جولائی 2025 16:09

چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پیسک ہائوس میں اہم اجلاس
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پیسک ہائوس میں اہم اجلاس منگل کو منعقدہوا۔ اجلاس میں محکمہ اوقاف کی زمینوں پر ناجائز قبضوں کے خاتمے کے ایکشن پلان کی منظوری دی گئی۔ترجمان محکمہ اوقاف کیمطابق محکمہ اوقاف کی 8102 ایکڑ اراضی ناجائز قابضین سے واگزار کرانے کے لئے پلان تیار کرلیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ محکمہ اوقاف کی تمام اراضی کی ڈیجیٹائزیشن کی جائے گی،سرکاری اداروں کے زیر تسلط اراضی واگزار کرانے کیلئے اداروں کے سربراہان کو خطوط لکھے جائیں گے،اراضی کے لیگل کیسز جلد نمٹانے کے لئے مکمل فالو اپ کیا جائے گا،محکمہ اوقاف کے بورڈ کی منظوری سے رہائشی اور رینٹل قبضوں والی اراضی کے حوالے سے ریگولرائزیشن کی پالیسی لائی جائے گی اور اوقاف کی زمینوں کو واگزار کرانے کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر اوقاف چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ اوقاف کی زمینوں کو ناجائز قابضین سے واگزار کراکے عوام کے فلاحی منصوبوں کے لئے استعمال میں لایا جائے گا۔اوقاف کی زمینوں پر سعودی عرب کے سرمایہ کار سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ پنجاب بھر میں اوقاف کے زیر اہتمام مساجد اور مزارات کی تزئین آرائش کی جارہی ہے۔

محکمہ اوقاف کی ترقیاتی سکیموں کے لئے رواں مالی سال کے بجٹ میں 3 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔صوبائی وزیراوقاف نے ہدایت کی کہ تمام مزارات پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب یقینی بنائی جائے۔ سکیورٹی کمپنیوں کے اہلکاروں کی تنخواہوں میں اضافے کیلئے خطوط لکھے جائیں۔پاکپتن شرائن کی لائبریری سے بھرپور استفادہ کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں اورمحکمہ اوقاف کی ہیلتھ سروسز کو بہتر کیا جائے۔سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری، ایڈوائزر محکمہ اوقاف کامران عثمانی،ڈی جی اوقاف اور محکمہ اوقاف کے ڈائریکٹرز نے اجلاس میں شرکت کی۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات