لاہور ،مختلف واقعات میں تین افراد جاں بحق ، 18سالہ نوجوان گولی لگنے سے زخمی

گھریلو جھگڑے پر 40سالہ شخص نے خودکشی کرلی ،کرنٹ لگنے سے واپڈا ملازم جاں بحق ہوا

منگل 1 جولائی 2025 16:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء) صوبائی دارالحکومت لاہور میں ہونے والے مختلف واقعات میں تین افراد جاں بحق ہو گئے ۔ ایدھی ترجمان کے مطابق ملت پارک ، چوہدری کالونی کھجور والی مسجد کے قریب گھریلو جھگڑے پر 40سالہ شخص نے گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کرلی ۔ متوفی کی شناخت 40سالہ ڈاکٹر ایمو تھنس کے نام سے ہوئی۔ متوفی کا چند روز قبل اہلیہ سے جھگڑے ہوا تھا اور وہ چھوڑ کر چلی گئی تھی ۔

پولیس اور فرانزک ٹیم نے شواہد اکٹھے کر کے مختلف پہلوں پر تحقیقات کا آغاز کر دیا۔پولیس اور تحقیقاتی اداروں کی کاروائی کے بعد لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے مردہ خانہ منتقل کر دی گئی ۔سمن آباد کے علاقے میں کرنٹ لگنے سے واپڈا ملازم جاں بحق ہو گیا۔ ریسکیو کے مطابق مذکورہ شخص واپڈا کا ملازم تھا، حادثہ سمن آباد پہلا گول چکر کے قریب پیش آیا، ٹرانسفارمر مرمت کرتے ہوئے کرنٹ لگا۔

(جاری ہے)

واپڈا ملازم کی شناخت 40سالہ خرم کے نام سے ہوئی جس کی لاش واپڈا ہسپتال منتقل کر دی گئی ۔کریسنٹ ماڈل سکول شادمان کے ٹیچر نیاز احمد دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا ۔نیاز احمد ٹیچرز ٹریننگ کے دوران اپنی پریزینٹیشن دے رہے تھے، پریزینٹیشن میں نیاز احمد کو اچانک دل کا دورہ پڑا اور وہ انتقال کر گئے۔کریسنٹ ماڈل سکول شادمان مڈل اردو ٹیچر نیاز احمد کی عمر 36سال تھی، نیاز احمد کریسنٹ سکول میں مڈل جماعت کے بچوں کو اردو پڑھاتے تھے۔

جبکہ دوسری جانب شاہدرہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سی18سالہ نوجوان زخمی ہو گیا۔ترجمان پو لیس کے مطابق زخمی احمد کو طبی امداد کیلئے میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ،نوجوان کو ٹانگ پر گولی لگی ،حالت خطرے سے باہر ہے۔ اہلخانہ نے بیان دیا کہ احمد گھر کے باہر کھڑا تھا نامعلوم شخص نے گولی ماری ۔ترجمان پو لیس کے مطابق معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں جلد حقائق سامنے آئیں گے۔