ایوب میڈیکل انسٹی ٹیوشن ایبٹ آباد کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر عابد جمیل کا ادارہ کے مختلف شعبہ جات اور انفراسٹرکچر کا دورہ

منگل 1 جولائی 2025 16:37

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) ایوب میڈیکل انسٹی ٹیوشن ایبٹ آباد کے چیئرمین بورڈ آف گورنرز پروفیسر ڈاکٹر عابد جمیل اور بورڈ کے رکن پروفیسر عالم زیب منان نے ادارہ کے مختلف شعبہ جات اور انفراسٹرکچر کا تفصیلی دورہ کیا۔ پیرا میڈکس ہاسٹل کے ٹھیکیدار کو تعمیراتی کام 7 تاریخ تک مکمل کرنے کی حتمی ڈیڈ لائن، ٹوٹی ہوئی کرسیوں اور بینچز کی فوری مرمت کی جائے، نالوں کی بہترین صفائی پر اطمنان کا اظہار کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق دورہ کے دوران پیرا میڈکس ہاسٹل میں جاری تعمیراتی کام پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور ٹھیکیدار کو 7 تاریخ تک کام مکمل کرنے کی حتمی ڈیڈ لائن دیدی گئی، اس کے ساتھ ساتھ کارڈیالوجی وارڈ اور مختلف او پی ڈیز (بشمول میڈیکل سرجری ای این ٹی) میں موجود ٹوٹی ہوئی کرسیوں اور بینچز کی فوری مرمت کی ہدایت کی گئی۔

(جاری ہے)

نالوں کی صفائی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا جبکہ صفائی کے نظام کو مزید موثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

اس موقع پر انہوں نے ایوب کالج آف ڈینٹسٹری میں نئی تعمیر شدہ پوسٹ گریجویٹ لائبریری کا بھی معائنہ کیا جہاں موجود طلباءسے ملاقات کرتے ہوئے انہوں نے لائبریری کے انتظامات کو سراہا اور لائبریری میں صفائی کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے طلباءپر زور دیا کہ یہ ان کا تعلیمی مقام ہے اور اس کی صفائی اور ترتیب کی ذمہ داری بھی ان پر عائد ہوتی ہے، لائبریری میں کھانے پینے کی اشیاءکی موجودگی پر انہوں نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔

پروفیسر عالم زیب منان نے کمپیوٹر لیب کا دورہ کیا اور پروکیورمنٹ آفیسر واسر خان اور آئی ٹی انچارج جمشید خان سے ملاقات کی۔ انہوں نے اس بات پر سوال اٹھایا کہ بورڈ کے گذشتہ دورہ 14 جون کے دوران کئے گئے وعدہ کے مطابق کمپیوٹرز ابھی تک انسٹال کیوں نہیں کئے گئے۔ متعلقہ افسران نے وضاحت دی کہ اے سی کی تنصیب اور جنریٹر سے متعلق معمولی کام باقی ہے اور آئندہ ہفتے لیب مکمل طور پر فعال کر دی جائے گی۔

اس کے بعد انہوں نے ادارہ کے مختلف نالوں کچرا کنڈی باگن نالہ اور دیگر ملحقہ علاقوں کا جائزہ لیا اور صفائی و نکاسی آب کے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ڈین ایوب میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر ثاقب ملک اور ان کی ٹیم کو چھٹی کے روز بھی ذمہ داری سے کام کرنے پر سراہا۔ انہوں نے پرانی پوسٹ گریجویٹ لائبریری کا بھی معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ اسے خالی کر کے نئی جگہ پر سامان منتقل کیا جائے تاکہ اس جگہ کو میڈیکل ڈائریکٹر کے دفتر میں تبدیل کیا جا سکے۔ پروفیسر عالم زیب منان کے اس دورہ کا مقصد ادارہ میں صفائی تعمیر و مرمت اور طلباءو عملہ کو بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔

متعلقہ عنوان :