ٹریفک عدالتیں بنانے کا فیصلہ، آئی جی سندھ نے جرمانوں کی ہوش ربا تفصیلات بتا دیں

منگل 1 جولائی 2025 16:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء)شہر قائد میں ٹریفک عدالتیں بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے ٹریفک خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے جرمانوں کی ہوش ربا تفصیلات بھی پیش کر دیں۔آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے خصوصی گفتگومیں کہا ٹریفک جرمانہ اتنا ہونا چاہیے کہ کوئی دوبارہ خلاف ورزی کا سوچ بھی نہ سکے، کیبنٹ نئے قوانین منظور کر چکی ہے، وزیر اعلی کی سمری سے نافذالعمل ہو جائیں گے۔

آئی جی سندھ نے کہاکہ موٹر وہیکل آرڈیننس کے قانون میں تبدیلی اسمبلی کے ذریعے کی جائے گی، نئے قانون کے بعد جرمانہ 5 ہزار سے ڈھائی لاکھ روپے تک چلا جائے گا، جس خلاف ورزی پر جان جا سکتی ہے اس کا جرمانہ 10 گناہ بلکہ اس سے بھی زیادہ ہوگا۔غلام نبی میمن کے مطابق 21 دن میں جرمانہ ڈبل 90 روز بعد ڈرائیونگ لائسنس کینسل ہو جائے گا، پھر بھی جرمانہ نہ بھرا تو 180 دن بعد شناختی کارڈ بلاک کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انھوں نے بتایا کہ اس قانون کے بعد حکومت ٹریفک کورٹس بھی متعارف کروا رہی ہے، شہری کو اگر شک ہو تو ٹریفک کورٹ میں جرمانے کے خلاف اپیل کر سکے گا، ٹریفک کورٹ میں شہری کو اس کی غلطی کا ثبوت دکھایا جائے گا۔آئی جی سندھ نے کہا حکومت سے اجازت لے کر ٹریفک کا مینوئل سسٹم بند کر دیا جائے گا، جرمانے بڑھانے کے بعد ہم نہیں چاہتے کہ شفافیت پر کوئی انگلی اٹھائے، ٹریفک خلاف ورزی کا چالان کوریئر کے ذریعے گھر تک پہنچایا جائے گا، جرمانے کے ساتھ شہری کو وائلیشن کا ثبوت بھی بھیجا جائے گا۔

انھوں نے کہا پہلے کم چالان تھا، شہری پھر اگلے چوک پر قانون کی خلاف ورزی کرتا تھا، پوری دنیا میں یہی اسٹینڈرڈ ہے جرمانہ اتنا ہو اگلا دس مرتبہ خلاف ورزی کا سوچے، قانون سازی اور ای ٹکٹنگ سے کراچی کی ٹریفک پر بڑا اثر پڑے گا۔غلام نبی میمن نے کہا نئے قانون میں تمام ہیوی وہیکلز میں کیمرے اور ٹریکر لگانا لازمی ہوگا، جو ہیوی گاڑی اوور اسپیڈنگ کرے گی اسی وقت ای چالان مالک تک چلا جائے گا۔ انھوں نے بتایا کہ آئی ٹی ایس کیمرے سیف سٹی پراجیکٹ کے تھرڈ فیز میں تھے، ہم نے کہا اس کو پہلے فیز میں اچھے طریقے سے چلایا جائے۔