بہاولپور،گیس لیکیج کے باعث طالبات سے بھری وین میں آتشزدگی، ایک طالبہ جاں بحق، 9 زخمی

منگل 1 جولائی 2025 17:00

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء)پنجاب کے ڈویژن بہاولپور کی تحصیل احمد پور شرقیہ میں ایل پی جی گیس لیکیج کے باعث طالبات سے بھری وین میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں ایک طالبہ جھلس کر جاں بحق اور 9 زخمی ہوگئیں۔ ریسکیو حکام نے بتایا کہ بہالپور کی تحصیل احمد پور شرقیہ میں طالبات سے بھری وین میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 10طالبات جھلس کر زخمی گئیں، جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

ہسپتال میں علاج کے دوران 19سالہ طیبہ عباس زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی، ڈاکٹرز کے مطابق طالبہ کا جسم 100فیصد جھلس گیاتھا۔ریسکیو حکام کے مطابق متاثرہ طالبات احمد پورشرقیہ میں امتحان دے کر واپس جارہی تھیں، زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کرکے وین میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ریسکیو کے مطابق واقعہ ٹول پلازہ کے قریب وین میں موجود ایل پی جی گیس کے سلنڈر میں لیکیج کے باعث پیش آیا۔