سندھ ہائیکورٹ ،لاپتا بشیر احمد کی گمشدگی کیخلاف درخواست پرپیش رفت رپورٹ طلب ، سماعت 3 ہفتوں تک کیلئے ملتوی

منگل 1 جولائی 2025 17:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء)سندھ ہائیکورٹ نے لاپتا بشیر احمد کی گمشدگی کیخلاف درخواست پرپیش رفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 3 ہفتوں تک کے لیے ملتوی کردی۔منگل کوسندھ ہائیکورٹ میں لاپتا بشیر احمد کی گمشدگی کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ابھی تک کیا تحقیقات کی گئی ہیں۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ ہم نے ایف آئی اے سے ٹرویول ہسٹری منگوا لی ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کیا معلومات ملی ہیں ایف آئی اے کی جانب سے۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ اس کی رپورٹ عدالت میں جمع کروادی گئی ہے۔ بشیر احمد عمر کم ہے جس کی وجہ سے اس کا شناختی کارڈ یا پاسپورٹ بنا نہیں۔عدالت نے استفسار کیا کہ تو پھر اس نے ٹریول کس طرح سے کیا ہے کس پاسپورٹ پر۔

(جاری ہے)

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ لوگوں کو کچھ معلوم نہیں ہوتا اور رپورٹ اٹھا لاتے ہیں۔

جس طرح کی رپورٹ آپ نے جمع کروائی ہے اسی نوعیت کی جے آئی ٹی بھی بنائی ہوگی۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ ریکوری کروائی جائے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ یہ معلومات تو آپ لوگوں کو مسنگ پرسن کی فیملی سے بھی مل سکتی تھی۔ یہ کس طرح سے معلوم ہوگا کہ یہ کونسا بشیر احمد ہے۔ سرکاری وکیل نے موقف دیا کہ پاسپورٹ نا بھی بنا ہو تو بھی ٹریول کیا جاسکتا ہے اس کے لیے علیحدہ کارروائی ہوتی ہے۔ ان کی فیملی سے بھی معلومات کی جاسکتی تھی اس حوالے سے پتا کیا جا سکتا ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 3 ہفتوں تک کے لئیے ملتوی کردی۔